
ساٹھ کی دہائی کے وسط میں ان کی کامیاب فلموں کا سلسلہ ایسا چلا کہ ہر فلم سلور جوبلی کرنے لگی۔ فلم تیسری منزل (1966) ان کے کیریئر کا سنگ میل ثابت ہوئی۔ اسی دور میں انہیں فلم انڈسٹری کی ’’جُبلی گرل‘‘ کہا جانے لگا۔
1970 میں شکتی سامنت کی فلم کٹی پتنگ نے آشا پاریکھ کی اداکاری کو نئی بلندی عطا کی۔ اس فلم میں بیوہ عورت کا ان کا کردار کافی مشکل تھا لیکن انہوں نے اسے اس انداز میں نبھایا کہ فلم فیئر ایوارڈ برائے بہترین اداکارہ کا اعزاز اپنے نام کیا۔ یہ ان کے فلمی کیریئر کا سب سے یادگار لمحہ ثابت ہوا۔
آشا پاریکھ نے دیوانند، دھرمیندر، ششی کپور اور راجیش کھنہ جیسے بڑے اداکاروں کے ساتھ کام کیا۔ ان کی چند اہم فلموں میں ہم ہندوستانی، ضدی، میرے صنم، لو ان ٹوکیو، دو بدن، اپکار، آن ملو سجنا، میرا گاؤں میرا دیش اور کالیہ شامل ہیں۔ انہوں نے 95 سے زائد فلموں میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا۔






