
لوک سبھا میں قائد حزب اختلاف اور کانگریس کے سینئر لیڈر راہل گاندھی نے بی جے پی کی قیادت والی ڈبل انجن حکومتوں پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملک بھر میں بدعنوانی، اقتدار کے غلط استعمال اور سیاسی تکبر نے عوام کی زندگی اجیرن بنا دی ہے۔ انہوں نے اپنی ایکس پوسٹ میں کہا کہ بھارتیہ جنتا پارٹی کی سیاست میں بدعنوانی اوپر سے نیچے تک سرایت کر چکی ہے اور اس کا خمیازہ غریب، مزدور اور متوسط طبقہ بھگت رہا ہے۔
راہل گاندھی کے مطابق بی جے پی کے نظام میں غریب، لاچار، مزدور اور متوسط طبقہ محض ایک عدد بن کر رہ گیا ہے، جبکہ ترقی کے نام پر ایک منظم وصولی کا ڈھانچہ کھڑا کر دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اقتدار کے ساتھ جڑا ہوا تکبر اور ادارہ جاتی بے حسی اس حد تک بڑھ چکی ہے کہ عوامی مسائل پر سنجیدہ توجہ دینے کے بجائے نمائشی اقدامات کو ترجیح دی جا رہی ہے۔






