
نئی دہلی: دہلی کی سابق وزیر اعلیٰ شیلا دکشت کی چھٹی برسی کے موقع پر دہلی پردیش کانگریس کمیٹی نے راجیو بھون میں ایک خصوصی تقریب کا انعقاد کیا، جہاں پارٹی لیڈروں نے انہیں خراجِ عقیدت پیش کیا۔ اس موقع پر دہلی کانگریس کے صدر دیویندر یادو نے نہ صرف گلپوشی کی بلکہ ایک پُراثر خطاب میں موجودہ حکومتوں پر سخت تنقید کرتے ہوئے شیلا دکشت کی قیادت میں ہوئے دہلی کے ہمہ جہتی ترقیاتی کاموں کو یاد کیا۔
دیویندر یادو نے کہا، ’’شیلا جی نے 15 سالہ دور میں دہلی کے بنیادی ڈھانچے، تعلیم، صحت، ٹرانسپورٹ، ماحولیاتی تحفظ اور خواتین کی فلاح و بہبود کے لیے جو اقدامات کیے، وہ آج بھی ایک مثال ہیں۔ لیکن موجودہ حکومتیں ان فلاحی پالیسیوں کو تقریباً مکمل طور پر بند کر چکی ہیں، جو دلتوں، پسماندہ طبقات، اقلیتوں، جھگی جھونپڑیوں اور ریہڑی پٹری والوں کے لیے بنائی گئی تھیں۔‘‘






