
پولیس کے مطابق، اس معاملے میں گرفتار ملزم محمد دلشاد نوشاد کو جولائی میں ٹرینیڈاڈ اور ٹوباگو سے ہندوستان لایا گیا تھا۔ نوشاد پر الزام ہے کہ اس نے انڈرورلڈ کے نام پر ذیشان صدیقی اور کرکٹر رنکو سنگھ سمیت کئی دیگر شخصیات کو دھمکی آمیز ای میلز بھیجے اور کروڑوں روپے کی بھتہ خوری کی کوشش کی۔
کرائم برانچ کے ایک سینئر افسر کے مطابق، ملزم کے ای میل اکاؤنٹس اور بین الاقوامی سائبر ٹریس کی جانچ سے انکشاف ہوا کہ نوشاد نے صرف یہ دو شخصیات ہی نہیں بلکہ ایک غیر ملکی تاجر کو بھی ہدف بنایا تھا۔ تحقیقات میں معلوم ہوا کہ اس نے فروری 2025 میں رنکو سنگھ کو پہلے ایک ای میل کے ذریعے مالی مدد کی درخواست کی تھی مگر جواب نہ ملنے پر انڈرورلڈ کے نام پر دھمکیاں دینا شروع کر دیں۔ اس نے دعویٰ کیا کہ اگر رقم نہیں دی گئی تو سنگھ کے اہل خانہ کو نقصان پہنچایا جائے گا۔






