نئی دہلی: دی وائر کے 10 سال مکمل ہونے پر تقریبات کے ایک سلسلے کے طور پر 1 اور 2 اگست کو جواہر بھون، نئی دہلی میں دو روزہ اردو جشن کا انعقاد کیا جا رہا ہے۔ اس پروگرام میں اردو کی تاریخ اور ترجمے سے لے کر غزہ میں اسرائیلی تشدد اور میم کلچر تک کئی موضوعات پر مذاکرہ اور مباحثہ ہوگا، اس کے ساتھ ہی بچوں کے لیے قصہ گوئی اور مشاعرہ کا اہتمام بھی کیا جائے گا۔
یہاں کتابیں، خطاطی اور دیگر اشیاء کے اسٹال بھی ہوں گے۔ آپ اس دس سالہ سفر کے موقع پر دی وائر کی جانب سے لانچ کیے گئے کچھ بے حدخاص سامان بھی خرید سکتے ہیں۔
اس جشن کا آغاز جمعہ (1 اگست) کو شام 4 بجے اردو کی تاریخ اور ورثے پر ایک پینل ڈسکشن سے ہوگا ،جس میں سیدہ سیدین حمید (سابق چانسلر، مولانا آزاد نیشنل اردو یونیورسٹی، حیدرآباد)، پیگی موہن (مصنف، فادر ٹنگ، مدر لینڈ: دی برتھ آف لینگوئج ان ساؤتھ ایشیاء)اور اطہر فاروقی (جنرل سکریٹری، انجمن ترقی اردو ہند)شامل ہوں گے۔ دی وائر اردو کے مدیر فیاض احمد وجیہہ اس پروگرام کی نظامت کریں گے۔
شام کا اختتام ایک بے حد خاص پرفارمنس کے ساتھ ہوگا –جس میں داغ دہلوی کی وراثت کو کہانی اور غزل کے توسط سے پیش کیا جائے گا۔ اس پرفارمنس میں شیوانگی یشو یوراج اور اشہر حق شامل ہوں گے اور ان کے ساتھ طبلے پر ایشان شرما اور سارنگی پر تنیش دھول پوری ہوں گے۔
اگلادن (سنیچر، 2 اگست) صبح 11 بجے زبان، تحریر، ملکیت اور شناخت پر پینل ڈسکشن کے ساتھ شروع ہوگا۔ دی وائر اردو کے سابق ایگزیکٹو ایڈیٹر اور فیسٹیول کیوریٹر مہتاب عالم رخشندہ جلیل (مصنف اور مترجم) اور سہیل انجم (صحافی اور مصنف) کے ساتھ بات چیت کریں گے۔
اس کے بعد معروف انسٹاگرام پیج ‘عشق اردو’ کے بانی نشیط شادانی کی جانب سے اردو اور میم کلچر پر ایک پریزنٹیشن ہوگا، جس کی نظامت دی وائر کی ملٹی میڈیا پروڈیوسر مینل سعید خان کریں گی۔
دوپہر دو بجے ایک شارٹ فلم کی نمائش کے لیے وقفے کے بعد دوبارہ جمع ہوں گے۔ یہاں دکھائی جانے والی فلم ‘زبان’ خواجہ احمد عباس کی کہانی پر مبنی ہے۔
دوپہر 2:30 بجے، دی وائر کی سینئر ایڈیٹر عارفہ خانم شیروانی کے ساتھ مقررین کا ایک معزز پینل شامل ہوگا – وویک کاٹجو (سابق سکریٹری، وزارت خارجہ)، زویا حسن (پروفیسر ایمریٹا، جواہر لعل نہرو یونیورسٹی)، سبیکہ عباس (شاعر اور رائٹ ایکٹوسٹ) اور سدھارتھ وردراجن ( دی وائر کے بانی مدیر) – جو غزہ میں اسرائیلی جارحیت اور اس کے تشددکے بارے میں بات کریں گے۔
اس کے بعد اردو میں اور اردو سے ترجمہ پر پینل ڈسکشن ہوگا، جس کی نظامت سید کاشف (مترجم اور مصنف) کریں گے ۔ ارجمند آرا (ادیبہ اور مترجم)، رعنا صفوی (مصنف اور مترجم) اور شبھم مشرا (اربن پلانر اور مترجم) اپنے کام، زبان اور ترجمے کی پیچیدگیوں اور دیگر موضوعات پر تبادلہ خیال کریں گے۔
اس کے بعد دو متوازی پروگرام ہوں گے – اشہر حق کی جانب سے بچوں کے لیے قصہ گوئی کا سیشن اور دی وائر ہندی کی ڈپٹی ایڈیٹرمیناکشی تیواری کے ساتھ بزم سامعین میں ہندی اور اردو کے آپسی رشتے، ہماری روزمرہ میں بولی جانے والی زبان میں کس طرح کی تبدیلی آئی ہے اور کس طرح سے نہیں آئی ہے، اور ہمارے آس پاس کی زبانوں کے ساتھ ہمارے رشتے پر بات ہوگی۔
پروگرام کا اختتام ایک مشاعرہ کے ساتھ ہوگا، جس میں ممتازشاعر فرحت احساس، عالم خورشید، نعمان شوق، علینہ عترت رضوی اور معید رشیدی شامل ہوں گے۔
انٹری فری ہے، اور ہم امید کرتے ہیں کہ آپ زبان اور ثقافت کے اس جشن میں ہمارے ساتھ شامل ہوں گے۔ ہمیں آپ کا انتظار رہے گا۔