ہالی ووڈ فلم انڈسٹری میں تاریخ رقم کرنے والی فلم ’اوتار‘ کی تیسری سیریز کا انتظار کرنے والوں کے لیے ایک بڑی خوشخبری سامنے آئی ہے۔ جلد ہی ’اوتار-3‘ یعنی ’اوتار: فائر اینڈ ایش‘ کا ٹریلر ریلیز ہونے والا ہے۔ فی الحال میکرس نے اس کا فرسٹ لُک پوسٹ جاری کیا ہے، جو آتے ہی سوشل میڈیا پر ٹرینڈ کرنے لگا ہے۔ اس میں ایک نئے ویلن سے تعارف کرایا گیا ہے۔
’اوتار: فائر اینڈ ایش‘ اوتار سیریز کی تیسری فلم ہے۔ اس میں اداکارہ اونا چیپلن ویلن کے کردار میں نظر آئیں گی۔ ان کے کردار کا نام ورَنگ ہے۔ میکرس نے سوشل میڈیا پر پوسٹر شیئر کرتے ہوئے لکھا ہے ’’اوتار: فائر اینڈ ایش میں ورَنگ سے ملیے۔‘‘ نئے ویلن کی انٹری کے ساتھ شائقین کی فلم کے تئیں دلچسپی مزید بڑھ گئی ہے۔ ورَنگ کو منکوان قبیلے یا ایش پیپل کی لیڈر بتایا گیا ہے۔ ’امپائر‘ کو دیے انٹرویو میں فلم کے ہدایت کار جیمس کیمرون نے بتایا کہ ’’ورَنگ ان لوگوں کی لیڈر ہے، جنھوں نے مشکلات کا سامنا کیا ہے۔ اس سے وہ مزید سخت ہو گئی ہے۔‘‘
میکرس نے اس پوسٹر کے ساتھ ہی یہ جانکاری بھی دے دی ہے کہ اس کا ٹریلر کب آئے گا۔ سوشل میڈیا پوسٹ میں مطلع کیا گیا ہے کہ 25 جولائی سے سنیما گھروں میں ریلیز ہونے جا رہی فلم ’دی فنٹاسٹک فور: فرسٹ اسٹپس‘ کے ساتھ اس کا ٹریلر دکھایا جائے گا۔ فلم شائقین کو اس ٹریلر کا بے صبری سے انتظار ہے، اور یہ انتظار 3 دنوں میں ہی ختم ہو جائے گا۔ جہاں تک فلم کی ریلیز کا سوال ہے، یہ رواں سال کے آخر میں 19 دسمبر کو دنیا بھر کے سنیما گھروں میں دستک دے گی۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔