ملک کی راجدھانی دہلی میں ایک بار پھر کئی بڑے اسکولوں کو بم سے اڑانے کی دھمکی دی گئی ہے۔ اطلاع کے مطابق جن اسکولوں کو بم کی دھمکی دی گئی ہے ان میں دہلی پبلک اسکول، شری رام ورلڈ اسکول اور ماڈرن اسکول شامل ہیں۔ دھمکی کی خبر ملتے ہی پولیس اور بم ڈسپوزل دستہ کے ساتھ فائر بریگیڈ محکمہ کی ٹیمیں موقع پر پہنچ کر جانچ میں لگ گئیں۔ اس دوران احتیاطاً اسکولوں کو خالی کرا کر سبھی طلبا کو واپس بھیج دیا گیا۔
پولیس کے مطابق دہلی پبلک اسکول (ڈی پی ایس) دوارکہ، ماڈرن کانونٹ اسکول اور سیکٹر 10 دوارکہ واقع شری رام ورلڈ اسکول کو ایک ای میل آئی ڈی کے ذریعہ دھمکی ملی۔ تحفظاتی طور پر اسکولوں کو فوراً خالی کرا لیا گیا۔ پولیس کی ٹیموں کے ذریعہ سبھی اسکولوں میں گہرائی سے تلاشی مہم جاری ہے۔
افسروں کے مطابق جیسے ہی دھمکی کی کال آئی، اسکول انتظامیہ نے فوراً مقامی پولیس کو مطلع کیا۔ پولیس کنٹرول کے پاس یہ اطلاع صبح 7 بج کر 24 منٹ پر آئی تھی۔ اس کے بعد دوارکہ سیکٹر-12 واقع اسکول میں بھاری تعداد میں پولیس فورس تعینات کر دی گئی۔ طلبا کو محفوظ جگہوں پر بھیجا گیا۔ ان کے ماں-باپ کو بھی اس کی اطلاع دی گئی تاکہ کسی بھی طرح کی افواہ یا گھبراہٹ نہ پھیلے۔
دھمکی کے بعد علاقے میں دہشت کا ماحول قائم ہو گیا۔ کئی سرپرست بھی موقع پر پہنچے جو اپنے بچوں کو لے کر فکرمند دکھائی دیے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ یہ دھمکی بھرا کال شرارتی عناصر کا بھی ہو سکتا ہے۔ کال کی لوکیشن اور فون نمبر کی جانچ کی جا رہی ہے۔ سائبر سیل اور تکنیکی ٹیم بھی اس معاملے میں لگی ہوئی ہے تاکہ کال کی پہچان جلد کی جا سکے۔
حالانکہ اس سے پہلے بھی کئی مرتبہ اسکولوں کو بم سے اڑانے کی دھمکی مل چکی ہے جو بعد میں افواہ ثابت ہوئی۔ لیکن پھر بھی سیکوریٹی ایجنسیوں نے آج کی اطلاع کو سنجیدگی سے لیا اور سبھی ضروری پروٹوکال پر عمل کیا۔ ابھی تک کہیں سے بھی کسی مشتبہ چیز کے ملنے کی خبر نہیں ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔