نئی دہلی: بہار میں راہل گاندھی کی ووٹر ادھیکار یاترا کی طرز پر دہلی میں بھی اس یاترا کی علامتی شروعات ہوئی۔ دہلی پردیش کانگریس کمیٹی کے صدر دیویندر یادو کی قیادت میں کراول نگر ضلع کانگریس کمیٹی کے دفتر دیاوید بھون، بُراڑی سے یہ یاترا نکالی گئی۔ اس موقع پر کانگریس کارکنوں کی بڑی تعداد شریک ہوئی جنہوں نے بی جے پی حکومت اور الیکشن کمیشن کے خلاف نعرے لگائے۔
یہ علامتی یاترا ضلع صدر آدیش بھاردواج نے منعقد کی جس میں سابق ایم ایل اے حسن احمد، آبزرور رمیش سبروال، ڈاکٹر پی کے مشرا، منوج یادو، لکشمن راوت، دیپک وششٹھ، سابق کونسلر ایشور باگری، منگیش تیاگی اور دیگر عہدیداروں کے ساتھ ساتھ مختلف اسمبلی حلقوں کے کانگریسی کارکن شریک تھے۔ پارٹی کی تنظیمی مہم کے تحت کارکنوں میں جوش و خروش اور یکجہتی نمایاں نظر آئی۔