راجدھانی دہلی میں مانسون رفتہ رفتہ زور پکڑتا جا رہا ہے۔ گزشتہ دنوں کی طرح آج بھی موسم مہربان نظر آیا اور صبح 8 بجے سے ہی کئی علاقوں میں تیز بارش شروع ہو گئی۔ آئی ایم ڈی نے اگلے کچھ گھنٹوں کے لیے الرٹ جاری کر دیا ہے۔ اس کے مطابق دہلی-این سی آر میں تیز بارش ہوتی رہے گی۔
بارش کے بعد دہلی کی سڑکوں پر آبی جماؤ دیکھنے کو مل رہا ہے۔ اس سے اسکول اور دفتر جانے والوں کو پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔ تیز بارش کی وجہ سے گاڑیاں کافی کم رفتار سے چلتی ہوئی نظر آئیں۔
بارش اور کانوڑ یاترا کی وجہ سے این سی آر میں کئی سڑکوں پر لوگوں کو جام کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ بارش کے درمیان کانوڑیوں کے گزرنے سے سڑکوں پر ٹریفک کا دباؤ بڑھ رہا ہے۔ نوئیڈا سیکٹر-82 میں نالہ چوک ہونے سے سڑکوں پر گھٹنوں تک پانی بھر گیا۔ صبح سے ہو رہی بارش سے غازی آباد کے کئی سڑکوں پر آبی جماؤ ہے جبکہ جی ٹی روڈ پر مورٹا، سہانی، میرٹھ موڑھ اور چودھری موڑ کے پاس ٹریفک جام رہا۔
محکمہ موسمیات نے دہلی کے علاوہ شمالی ہند کی کئی ریاستوں میں بھی آج اور اگلے 24 گھنٹوں کے لیے شدید بارش، تیز آندھی جیسے حالات کو لے کر وارننگ جاری کیا ہے ۔ آئی ایم ڈی کے مطابق اتر پردیش، بہار، راجستھان، ہریانہ، پنجاب، دہلی-این سی آر، جموں و کشمیر، ہماچل پردیش اور اتراکھنڈ میں تیز بارش ہو سکتی ہے۔ ساتھ ہی جنوبی ہند، شمال مشرق، مہاراشٹر اور گجرات کے لیے بھی تیز موسمی سرگرمیوں کا الرٹ جاری کیا گیا ہے۔
وہیں بارش کی وجہ سے راجدھانی کی ہوا میں بھی کچھ سدھار دیکھا گیا ہے۔ مرکزی آلودگی کنٹرول بورڈ (سی پی سی بی) کے مطابق بدھ کی صبح 6.30 بجے تک دہلی کا اوسط ایئر کوالیٹی انڈیکس (اے کیو آئی) 78 رہا، جو ’اطمینان بخش‘ زمرے میں آتا ہے۔ حالانکہ دہلی کے کچھ علاقوں میں اے کیو آئی 100 سے اوپر بنا ہوا ہے۔ جیسے کہ وزیر پور (108)، پوسا (112)، منڈکا (107) اور جہانگیر پوری (104)۔ وہیں این سی آر شہروں کی بات کریں تو فرید آباد میں اے کیو آئی 85، گروگرام 95، غازی آباد 92، گریٹر نوئیڈا 88 اور نوئیڈا میں 75 رہا۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔