نئی دہلی: دہلی کانگریس صدر دیویندر یادو نے آج اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ بارش کا پانی جمع ہونے کی وجہ سے راجدھانی میں آبی جَنین (پانی سے پھیلنے والی) بیماریاں تیزی سے پھیل رہی ہیں۔ اس حال سے نمٹنے کی جگہ بی جے پی کی ریکھا گپتا حکومت اور دہلی میونسپل کارپوریشن اب تک نیند میں سوئی ہے۔ انھوں نے کہا کہ مانسون کو آئے ہوئے 20 دن سے زیادہ ہو چکے ہیں اور 16 جولائی تک دہلی میں ڈینگو کے 246، ملیریا کے 101 اور چکن گنیا کے 11 کیسز درج کیے جا چکے ہیں۔ ساتھ ہی ڈی بی سی (ڈومیسٹک بریڈنگ چیکنگ) محکمہ میں خالی عہدوں پر بھرتی نہ ہو پانا بی جے پی کی دہلی حکومت اور میونسپل کارپوریشن کی ناکامی کو ظاہر کرتا ہے۔
دیویندر یادو نے موجودہ حکومت کو ہدف تنقید بناتے ہوئے کہا کہ یہ تشویشناک بات ہے کہ دہلی کی وزیر اعلیٰ عوام کی ضروریات اور مشکلات کو نظر انداز کر کے صرف ایونٹ مینجمنٹ پر توجہ دے رہی ہیں۔ حکومت کی ناکامی کی وجہ سے راجدھانی میں مچھروں سے ہونے والی بیماریاں مہلک ثابت ہو رہی ہیں۔ 2023 میں ملیریا سے 30 اور ڈینگو سے 538 افراد کی موت ہوئی تھی، جبکہ 2024 میں ڈینگو کے 6391 کیس درج کیے گئے اور 11 افراد جاں بحق ہوئے تھے۔ ہر سال حکومتیں مچھر کنٹرول کرنے میں ناکام ثابت ہو رہی ہیں، اور رواں سال بھی کچھ ایسا ہی دیکھنے کو مل رہا ہے۔
دہلی کانگریس صدر نے سوال اٹھایا کہ آخر صرف این ڈی ایم سی کے علاقوں میں صحت اور صفائی کی حفاظت کو کیوں ترجیح دی جاتی ہے؟ کیا دہلی میونسپل کارپوریشن کے تحت آنے والے دیگر علاقوں کے شہریوں کی صحت اہم نہیں ہے؟ انہوں نے کہا کہ دہلی میونسپل کارپوریشن کی لاپروائی کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ ڈی بی سی محکمہ میں وبائی امراض کے ماہرین کی 12 منظور شدہ پوسٹوں میں سے 7 خالی ہیں، ملیریا انسپکٹر کے 150 منظور شدہ عہدوں میں سے 92 خالی ہیں، اسسٹنٹ ملیریا انسپکٹر کے 600 میں سے 391 عہدے خالی ہیں اور ایم ٹی ایس کے 5176 عہدوں میں سے 279 ابھی تک خالی ہیں۔
موجودہ حالات کا ذکر کرتے ہوئے دیویندر یادو نے کہا کہ شہر میں جگہ جگہ پانی بھرنے کی وجہ سے ڈینگو اور ملیریا کا خطرہ بڑھ گیا ہے، پھر بھی ڈی بی سی کا تقریباً 50 فیصد عملہ ہڑتال کی تیاری کر رہا ہے۔ یہ عملہ تین اہم مطالبات ہمدردانہ بنیاد پر بھرتی، مساوی تنخواہ اور مستقل صحت سہولیات کے لیے ہڑتال پر جانے والا تھا، لیکن میونسپل کارپوریشن کی یقین دہانی پر وہ فی الحال واپس کام پر آ گئے ہیں۔
دیویندر یادو کا کہنا ہے کہ عوامی مفاد سب سے اہم ہے، اس لیے بی جے پی کی دہلی حکومت اور دہلی میونسپل کارپوریشن کو فوری طور پر ڈی بی سی محکمہ میں خالی عہدوں پر بھرتی کرنی چاہیے اور ملیریا، ڈینگو و چکن گنیا کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے بیداری مہم شروع کی جائے۔ موجودہ ملازمین کو گھر گھر جا کر مچھر کے لاروا کی جانچ اور فوگنگ کے احکامات دیے جائیں تاکہ پچھلے برسوں کی طرح ان بیماریوں کے پھیلاؤ کو روکا جا سکے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔