
پڈوچیری میں ایک بڑے عوامی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کانگریس رہنما اور لوک سبھا میں قائد حزب اختلاف راہل گاندھی نے بھارتیہ جنتا پارٹی اور راشٹریہ سوم سیوک سنگھ پر سخت ترین حملہ کرتے ہوئے الزام لگایا کہ یہ طاقتیں ریاست پر اپنے نظریات مسلط کر رہی ہیں اور مقامی عوام کی آواز کو دبایا جا رہا ہے۔
راہل گاندھی نے کہا کہ پڈوچیری کی موجودہ حکومت عوام کی نمائندہ نہیں بلکہ دہلی سے کنٹرول ہونے والی حکومت ہے۔ انہوں نے واضح الفاظ میں کہا کہ ’’یہ حکومت پڈوچیری کے لوگوں کی نہیں بلکہ دہلی کی حکومت ہے‘‘، اور اس کے ذریعے بی جے پی اور آر ایس ایس اپنے ایجنڈے کو نافذ کر رہے ہیں۔






