دہلی سے میرٹھ کے درمیان روزانہ سفر کرنے والوں کے لیے آج کا دن بے حد خاص ہے۔ سڑکوں پر جام، گرد و غبار اور گھنٹوں ٹریفک کی پریشانی برداشت کرنے والے مسافروں کو بڑی راحت مل گئی ہے۔ وزیر اعظم نریندر مودی نے دہلی-میرٹھ ریپڈ ریل کوریڈور اور میرٹھ میٹرو کا افتتاح کر دیا ہے۔ اس کے ساتھ ہی 82 کلومیٹر طویل روٹ پر نمو بھارت ٹرین کی آمد و رفت شروع ہو گئی ہے۔
سرائے کالے خان سے لے کر مودی پورم ڈپو تک ہائی اسپیڈ کنیکٹیویٹی ملنے سے این سی آر میں سفر کا ایک نیا ماڈل تیار ہوا ہے۔ یہ ٹرین دہلی سے میرٹھ کا سفر تقریباً ایک گھنٹے سے بھی کم وقت میں پورا کرے گی۔ روزانہ آنے جانے والے مسافروں کے لیے اسے ایک بڑی سہولت مانا جا رہا ہے۔ اس منصوبے کے افتتاحی تقریب میں اترپردیش کے وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ کے ساتھ ساتھ رکن پارلیمنٹ ارون گوئل بھی موجود رہے۔ افتتاح کے بعد وزیر اعظم مودی میرٹھ کے محی الدین پور میں جلسۂ عام سے خطاب کریں گے۔ اسی پروگرام کے تحت میرٹھ میٹرو کو بھی ہری جھنڈی دکھائی جانی ہے، جو مودی پورم سے میرٹھ ساؤتھ تک 12 اسٹیشنوں کو جوڑے گی۔
دہلی سے میرٹھ کے درمیان نمو بھارت ٹرین مقررہ اسٹاپج کے ساتھ چلائی جائے گی، تاکہ مختلف شہروں اور علاقوں کو بہتر کنیکٹیویٹی مل سکے۔ ذیل میں صبح کی پہلی اور رات کی آخری ٹرین کے اوقات دیے گئے ہیں:
-
سرائے کالے خاں: پہلی 06:00 بجے، آخری 10:00 بجے
-
نیو اشوک نگر: پہلی 06:05 بجے، آخری 10:05 بجے
-
آنند وہار: پہلی 06:11 بجے، آخری 10:11 بجے
-
صاحب آباد: پہلی 06:16 بجے، آخری 10:16 بجے
-
غازی آباد: پہلی 06:10 بجے، آخری 10:21 بجے
-
گلدھر: پہلی 06:14 بجے، آخری 10:25 بجے
-
دہائی: پہلی 05:50 بجے، آخری 10:29 بجے
-
مراد نگر: پہلی 05:54 بجے، آخری 10:33 بجے
-
مودی نگر صدر: پہلی 05:59 بجے، آخری 10:38 بجے
-
مودی نگر اتر (شمال): پہلی 06:03 بجے، آخری 10:42 بجے
-
شتابدی نگر: پہلی 06:05 بجے، آخری 10:52 بجے
قابل ذکر ہے کہ دہلی-میرٹھ ریجن میں اس منصوبے کو ٹرانسپورٹ کے شعبے میں ایک بڑی تبدیلی کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔ ہائی اسپیڈ ریپڈ ریل اور میٹرو نیٹورک سے دہلی، غازی آباد اور میرٹھ کے درمیان آمد و رفت آسان ہو جائے گی۔ ماہرین کا خیال ہے کہ اس سے سڑک ٹریفک کا دباؤ کم ہوگا اور وقت کی بچت ہوگی۔ روزانہ سفرا کرنے والے مسافروں کے لیے یہ منصوبہ طویل مدت میں راحت کا ذریعہ بن سکتا ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


































