مسقط سے دہلی جانے والی انڈیگو ایئرلائن کی پرواز کو بم کی دھمکی ملنے پر ناگپور ایئرپورٹ پر ہنگامی لینڈنگ کرنا پڑی، طیارے میں سوار 157 مسافروں اور عملے کے 6 افراد کو بحفاظت نکال لیا گیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق انڈیگو کی ایک پرواز جو عمان کے شہر مسقط سے بھارت کے دارالحکومت نئی دہلی جارہی تھی، بم کی دھمکی موصول ہونے پر بھارت کی مغربی ریاست مہاراشٹرا کے شہر ناگپور میں ہنگامی لینڈنگ پر مجبور ہوگئی۔
پریس ٹرسٹ آف انڈیا کی رپورٹ میں بتایا گیا کہ یہ پرواز بھارتی ریاست کیرالہ سے دہلی روانہ ہوئی تھی، جہاں اس کا ایک مختصر قیام تھا اور یہ بھارتی وقت کے مطابق صبح ساڑھے 9 بجے دہلی ایئرپورٹ کے لیے روانہ ہوئی۔
کیرالہ انٹرنیشنل ایئرپورٹ لمیٹڈ (سی آئی اے ایل) کے مطابق دھمکی اُن کے آفیشل ای میل ایڈریس پر موصول ہوئی۔
ناگپور کے ڈپٹی کمشنر آف پولیس لوہت ماتانی کے مطابق انڈیگو کی پرواز میں سوار تمام 157 مسافروں اور 6 عملے کے ارکان کو بحفاظت طیارے سے اتار لیا گیا، جب کہ واقعے کی تفتیش جاری ہے۔
حکام کا مزید کہنا ہے کہ ابتدائی جانچ کے دوران کسی مشتبہ چیز کی موجودگی نہیں پائی گئی۔
بعدازاں سی آئی اے ایل کو بم کی دھمکی موصول ہونے کے بعد ایک بم تھریٹ اسیسمنٹ کمیٹی (بی ٹی اے سی) تشکیل دی گئی، جس نے دھمکی کو ’مخصوص‘ قرار دیا۔
بھارتی خبر رساں ادارے اے این آئی کے مطابق اسی طرح کا ایک واقعہ پیر کے روز بھی پیش آیا، جب جرمن ایئرلائن لفتھانسا کی پرواز ایل ایچ 752، جو فرینکفرٹ سے بھارت کے شہر حیدرآباد جارہی تھی کو بم کی دھمکی ملنے کے بعد واپس جرمنی لوٹنا پڑا۔
دھمکی 15 جون کو بھارتی وقت کے مطابق شام 6 بجے حیدرآباد ایئرپورٹ کو موصول ہوئی۔
اس دھمکی کا بھی جائزہ لینے کے لیے اسٹینڈرڈ آپریٹنگ پروسیجر کے تحت ایک کمیٹی تشکیل دی گئی ہے۔
قبل ازیں، 13 جون کو ایک اور واقعے میں ایئر انڈیا کی پرواز اے آئی 379، جو تھائی لینڈ کے شہر فوکٹ سے نئی دہلی جارہی تھی اور جس میں 156 مسافر سوار تھے کو بم کی دھمکی ملنے پر جنوبی تھائی جزیرے میں واپس لینڈ کرنا پڑا، یہ پرواز انڈمان سمندر کے گرد چکر لگانے کے بعد واپس پہنچی۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ یہ تمام واقعات 12 جون کو ایئر انڈیا کی ایک پرواز کے احمد آباد میں حادثے کے بعد پیش آئے، جس میں ٹیک آف کے فوراً بعد کم از کم 271 افراد جاں بحق ہوئے، جن میں زمین پر موجود تقریباً 30 افراد بھی شامل تھے۔
اسی نوعیت کے ایک اور واقعے کی انڈونیشیا کی ہوا بازی کے ادارے نے تصدیق کی ہے، جس میں سعودی عرب سے سینکڑوں حج زائرین کو واپس لانے والی پرواز کو بم کی دھمکی موصول ہونے کے بعد راستہ تبدیل کرنا پڑا۔
ڈائریکٹوریٹ جنرل آف سول ایوی ایشن کے مطابق انڈونیشیا کے ایئرپورٹ آپریٹر کو ایک نامعلوم شخص کی جانب سے ای میل کے ذریعے بم دھماکے کی دھمکی موصول ہوئی۔
بیان کے مطابق صبح 7:30 بجے موصول ہونے والی ای میل میں سعودی ایئرلائنز کی پرواز ایس وی 5276 کو ’اڑانے‘ کی دھمکی دی گئی تھی، جو جدہ سے انڈونیشیا کے دارالحکومت جکارتہ جارہی تھی۔
دھمکی موصول ہونے کے بعد صبح 10 بجے کے بعد پائلٹ نے طیارے کا رخ جکارتہ کے سوئکارنو ہاتا انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے موڑ کر سماٹرا جزیرے کے مغربی شہر میدان میں واقع کولا نامو انٹرنیشنل ایئرپورٹ کی جانب کردیا۔
یہ پرواز 442 حج زائرین کو لے کر جارہی تھی، جن میں 207 مرد اور 235 خواتین شامل تھیں۔
انڈونیشیا کے ایئرپورٹس کے نگران ادارے ’ان جرنی ایئرپورٹس‘ نے کہا کہ سیکیورٹی اور حفاظتی خطرات کی نشاندہی پر، پائلٹ نے قریبی ایئرپورٹ پر ہنگامی لینڈنگ کا فیصلہ کیا۔
ٹرانسپورٹ کی وزارت کے ایک اہلکار نے فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی کو بتایا کہ طیارہ اب بھی میدان میں موجود ہے، جب کہ فلائٹ ریڈار 24 ویب سائٹ نے بھی طیارے کی موجودگی وہیں ظاہر کی۔
ہوا بازی کے ادارے کے مطابق ایئرپورٹ پر زائرین کو بحفاظت اتار لیا گیا ہے اور بم ڈسپوزل اسکواڈ نے طیارے کی مکمل تلاشی لی ہے تاکہ کسی مشتبہ مواد کی موجودگی کو یقینی طور پر چیک کیا جاسکے۔