
ماہرین کے مطابق راجدھانی میں ہوا کا معیار مسلسل خراب ہونے کی سب سے بڑی وجہ موسم کی بے وفائی ہے۔ اسکائی میٹ کے نائب صدر مہیش پلاوت کے مطابق درجہ حرارت میں کمی کی وجہ سے آلودگی کی سطح میں بھاری اضافہ ہوا ہے اور مغربی ڈسٹربنس کی وجہ سے منگل کو بھی ہوا کا معیار خراب رہا جو نیچے پھنسی ہوئی ٹھنڈی ہوا کو اوپراُٹھنے نہیں دیتی ہے۔ اسی ٹھنڈی ہوا میں گاڑیوں کا دھواں اور تعمیرات کی دھول جیسے آلودگی میں اضافہ کرنے والے ذرات جمع ہوجاتے ہیں۔ ان ذرات کو اوپر جانے کا راستہ نہیں ملتا اس لئے وہ زمین کے قریب پھنسے رہتے ہیں۔ مزید برآں، جب بارش نہیں ہوتی اور ہوا بھی سست ہوتی ہے، تو یہ پھنسی ہوئی آلودگی باہر نہیں نکل پاتی جس سے صورتحال کئی گنا خراب ہوجاتی ہے۔






