دہلی-این سی آر میں اتوار دوپہر سے کہیں پر موسلادھار تو کہیں پر درمیانی بارش ہونے کی وجہ سے قومی راجدھانی اور اس کے آس پاس کے علاقوں میں موسم خوشگوار ہو گیا ہے اور لوگوں کو چلچلاتی دھوپ اور تیز گرمی سے کافی راحت ملی ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق مانسون نے اپنے مقررہ وقت یعنی 30 جون سے ایک روز قبل پہلے ہی قومی راجدھانی میں دستک دے دی ہے۔ اگلے کچھ گھنٹوں کے دوران دہلی-این سی آر میں 40-30 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چلنے اور گرج چمک کے ساتھ تیز بارش کا امکان ہے۔ آئی ایم ڈی نے کہا ہے کہ دہلی-این سی آر میں کل بھی بادل چھائے رہیں گے اور ہلکی سے درمیانی بارش کی توقع ہے، جس کی وجہ سے لوگوں کو گرمی سے راحت ملے گی۔
آئی ایم ڈی کے مطابق جنوب مغرب مانسون اب پورے ملک کو احاطہ کر چکا ہے۔ یہ اتوار کو دہلی پہنچ گیا جو اپنی معمول کی تاریخ 30 جون سے ایک روز قبل ہے۔ مانسون 8 جولائی کی اپنی معمول کی تاریخ سے 9 دن قبل ہی ہندوستان کے باقی حصوں میں پھیل گیا ہے۔ ہندی نیوز چینل ’آج تک‘ سے بات کرتے ہوئے آئی ایم ڈی کے سینئر سائنسداں نریش کمار نے بتایا کہ تقریباً پورا ملک اس وقت مانسون کے بادلوں کے زیر اثر ہے، جس کی بنیادی وجہ خلیج بنگال کے شمال مغربی حصے پر بننے والا کم دباؤ کا علاقہ ہے۔ گجرات کے اوپر بنی اسی طرح کے موسمی نظام نے مانسون کو راجستھان اور این سی آر سمیت شمال مغربی ریاستوں میں آگے بڑھانے میں مدد کی ہے۔
قابل ذکر ہے کہ رواں سال مانسون حالیہ تاریخ میں سب سے تیز رفتاری سے آگے بڑھ رہا ہے۔ اس کی شروعات 24 مئی کو کیرالہ میں مانسون کی جلد آمد کے ساتھ ہوئی۔ کیرالہ میں 2009 کے بعد سے یہ مانسون کی سب سے ابتدائی آمد تھی۔ کیرالہ میں 2009 میں 23 مئی کو مانسون پہنچا تھا۔ آئی ایم ڈی نے موجودہ حالات کے پیش نظر کئی ریاستوں میں شدید بارش کا الرٹ جاری کیا ہے۔ مغربی بنگال، اڈیشہ اور جھارکھنڈ کے لیے ریڈ الرٹ جاری کرتے ہوئے محکمہ موسمیات نے کہا کہ ’’خلیج بنگال میں ایکٹیو موسمی نظام کی وجہ سے ان ریاستوں میں شدید بارش کا امکان ہے۔‘‘
آئی ایم ڈی نے ہماچل پردیش اور اتراکھنڈ کے لیے بھی ریڈ الرٹ جاری کیا ہے، جہاں شدید بارش سے لینڈ سلائیڈنگ اور اچانک سیلاب آنے کا خدشہ ہے۔ پنجاب، ہریانہ، دہلی اور مغربی اتر پردیش کے لیے اورنج الرٹ جاری کیا گیا ہے، جہاں درمیانی سے شدید بارش ہو سکتی ہے۔ محکمہ موسمیات نے کہا ہے کہ آنے والے ہفتے کے دوران ملک کے کئی حصوں میں بڑے پیمانے پر بارش اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے، کیونکہ مانسون کی صورتحال مزید مضبوط ہوتی جا رہی ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔