نئی دہلی: دہلی اسٹیٹ حج کمیٹی سے جاری پریس بیانیہ کے مطابق حکومت دہلی کے گزٹ نوٹیفکیشن مجریہ 9 مارچ 2026 کے ذریعہ سابقہ حج کمیٹی کی مدت کار میں آئندہ 6 ماہ کے لیے توسیع کردی گئی ہے۔ دہلی اسٹیٹ حج کمیٹی کے ایگزیکٹیو آفیسر اشفاق احمد عارفی نے اس تعلق سے بتایا کہ گزشتہ کمیٹی کی مدت کار 5 جنوری 2026 کو مکمل ہو گئی تھی، جس میں 4 ممبران، رکن پارلیمنٹ پروین کھنڈیلوال، کونسلر نازیہ دانش، اسلامی اسکالر محمد سعد اور سماجی کارکن کوثر جہاں بطور چیئرپرسن کے نام شامل تھے۔
ایگزیکٹیو افسر کے مطابق ابتدائی طور پر 5 جنوری 2026 کو تشکیل دی گئی 3 سالہ کمیٹی میں رکن پارلیمنٹ گوتم گمبھیر کی جگہ پروین کھنڈیلوال کو درمیان میں 18 دسمبر 2024 کو شامل کیا گیا تھا، جبکہ ممبر دہلی مجلس قانون ساز زمرے سے ممبر حاجی محمد یونس اور عبدالرحمان کی مدت کار دہلی اسمبلی انتخابات کے بعد درمیان میں ہی ختم ہو گئی تھی اور ان کی جگہ کسی ممبر اسمبلی کی شمولیت نہیں ہوئی تھی۔ اس طرح گزشتہ 3 سالہ مدت کی کمیٹی میں باقی درج بالا 4 ممبران کی مدت کار میں اب 6 ماہ یا آئندہ کمیٹی کی تشکیل (ان میں سے جو پہلے واقع ہو) تک کے لیے توسیع کر دی گئی ہے۔
واضح ہو کہ ان دنوں حج 2026 کی تیاریاں تیز رفتاری سے جاری ہیں، آئندہ ماہ 18 اپریل سے عازمین حج کی روانگی کی تاریخ مقرر ہو چکی ہے۔ حج فلائٹ کا شیڈول بھی جاری کر دیا گیا ہے اور حجاج کرام کی پہلے مرحلے کی تربیت مکمل ہوچکی ہے۔ حکومت دہلی نے گزشتہ 2 مارچ کو حج امور میں معاون دہلی سرکار، ایم سی ڈی، دہلی پولیس اور دیگر متعلقہ محکموں کے افسران کی رابطہ میٹینگ طلب کر کے تیاریوں کا جائزہ لے کر تمام کام وقت پر مکمل کرنے کی ہدایات جاری کر دی گئی ہے۔ ایسے میں کمیٹی کی مدت کار میں توسیع ایک خوش آیند اور اہم ترین قدم ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔




































