کھٹمنڈو کے دورے پر آئے ہندوستانی خارجہ سکریٹری وکرم مسری، نے کل نیپال کے وزیر اعظم کے پی شرما اولی سے ملاقات کی اور انہیں باضابطہ طور پر ہندوستان کے دورے کا دعوت نامہ سونپا۔ وزیر اعظم کے سکریٹریٹ کے مطابق، سنگھ دربار میں اپنے دفتر میں اولی سے ملاقات کے دوران وکرم مسری نے وزیر اعظم نریندر مودی کی طرف سے انہیں دعوت نامہ سونپا۔
وزیر اعظم کے سیکرٹریٹ نے ’نیپال خبر‘ کو بتایا ’’وزیر اعظم کے پی شرما اولی کے ساتھ ایک خیر سگالی ملاقات کے دوران، ہندوستانی خارجہ سیکرٹری وکرم مسری نے وزیر اعظم نریندر مودی کی طرف سے مسٹر اولی کو دعوت نامہ سونپا۔ وزیر اعظم اولی نے دعوت پر ان کا شکریہ ادا کیا۔‘‘ہندوستانی فریق نے وزیر اعظم اولی کے دورہ ہندوستان کے لئے 16-17 ستمبر کی تاریخ تجویز کی ہے۔ تاہم اس دورے کی تاریخوں کو حتمی شکل دینا ابھی باقی ہے۔
وکرم مسری اپنے نیپالی ہم منصب امرت بہادر رائے کی دعوت پر آج صبح نیپال کے دو روزہ سرکاری دورے پر پہنچے۔ انہوں نے صدر رام چندر پوڈیل، نیپالی کانگریس کے صدر شیر بہادر دیوبا، سی پی این (ماؤسٹ سینٹر) کے چیئرمین پشپا کمل دہل ‘پراچنڈ’ اور وزیر خارجہ ڈاکٹر آرزو رانا دیوبا سے خیرسگالی ملاقات کی۔وکرم مسری نے کل صدارتی دفتر شیتل نواس میں صدر رام چندر پاڈیل سے ملاقات کی۔