
پٹنہ: بہار اسمبلی انتخابات کے پیش نظر این ڈی اے میں اندرونی تنازعہ شدت اختیار کر رہا ہے، خاص طور پر جنتا دل یونائیٹڈ (جے ڈی یو) میں نشستوں کی تقسیم اور امیدواروں کے انتخاب کو لے کر اختلافات بڑھ گئے ہیں۔ اس سلسلے میں بھاگلپور سے جے ڈی یو کے رکن پارلیمنٹ اجے کمار منڈل نے وزیر اعلیٰ نتیش کمار کو خط لکھ کر لوک سبھا کی اپنی رکنیت سے مستعفی ہونے کی پیشکش کر دی ہے۔
اجے منڈل نے اپنے خط میں وزیر اعلیٰ کو بتایا کہ وہ گزشتہ 20-25 سال سے بھاگلپور علاقے میں رکن اسمبلی اور رکن پارلیمنٹ کی حیثیت سے عوام کی خدمت کر رہے ہیں اور انہوں نے پارٹی کو اپنے خاندان کی طرح سمجھتے ہوئے تنظیم کی مضبوطی اور کارکنان کے ساتھ جڑے رہنے میں بھرپور کردار ادا کیا ہے۔ تاہم، حالیہ ماہ میں کیے جانے والے فیصلے پارٹی اور اس کے مستقبل کے لیے مثبت نہیں دکھائی دیتے۔






