موصولہ اطلاع کے مطابق الیکشن کمیشن کو حکومت متعلقہ معاملے میں نام، حراست والی جگہ اور دیگر ضروری جانکاری بھیجے گی، جس کے بعد الیکشنکمیشن پوسٹل بیلیٹ بھیجے گا۔ دیگر اراکین پارلیمنٹ 9 ستمبر کو پارلیمنٹ ہاؤس میں بنے پولنگ مرکز پر ووٹ دینے پہنچیں گے۔ نائب صدر عہدہ کے لیے ہونے والے انتخاب میں لوک سبھا اور راجیہ سبھا کے سبھی اراکین (نامزد اراکین سمیت) ووٹ دیتے ہیں۔ اس مرتبہ 781 اراکین ووٹ ڈالنے کے اہل ہیں، جن میں سے این ڈی اے کو کم از کم 422 اراکین کی حمایت حاصل ہے۔ ظاہر ہے یہ نمبر این ڈی اے امیدوار کو فتحیاب بنانے کے لیے کافی ہے۔ غور کرنے والی بات یہ ہے کہ اس انتخاب میں پارٹی وہپ نافذ نہیں ہوتا اور ووٹنگ خفیہ بیلیٹ پیپر سے ہوتا ہے۔ یعنی اراکین پارلیمنٹ کسی بھی امیدوار کو ووٹ دینے کے لیے ایک طرح سے آزاد ہیں۔ توجہ طلب یہ بھی ہے کہ ابھی تک نہ تو این ڈی اے نے اس عہدہ کے لیے اپنے امیدوار کا اعلان کیا ہے، نہ ہی اپوزیشن اتحاد کی طرف سے امیدوار کا اعلان ہوا ہے۔