
بنگلورو: کرناٹک کے وزیر اعلیٰ سدارمیا نے کہا ہے کہ ان کی حکومت نے ریاست میں جھیلوں کو پانی سے بھرنے اور زیرِ زمین پانی کے تحفظ کے میدان میں ایشیا بھر میں سب سے بہتر کارکردگی پیش کی ہے۔ وہ جمعرات کو بنگلورو میں محکمۂ آبپاشی کی جانب سے منعقدہ پروگرام ’جل ہے تو کل ہے‘ کے افتتاح کے موقع پر خطاب کر رہے تھے۔
وزیر اعلیٰ نے کہا کہ انسانی تہذیب کی بقا اور ترقی پانی سے ہی ممکن ہوئی ہے۔ اسی لیے ریاستی حکومت نے پانی کے منصفانہ استعمال، اس کی قدرو قیمت اور زیرِ زمین پانی کے تحفظ پر خصوصی توجہ مرکوز کی ہے۔ اس موقع پر انہوں نے وزیر این ایس بوسراجو کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ محکمۂ آبپاشی عوام میں پانی کے ذمہ دارانہ استعمال سے متعلق بیداری پیدا کرنے کے لیے بہتر منصوبے تیار کر رہا ہے۔






