
بوریوسٹنک ، یا ناٹو کی اصطلاح میں “اسکائی فال” میزائل، ایٹمی توانائی سے چلنے والا ایک کروز میزائل ہے جو کم بلندی پر اڑنے اور جدید میزائل دفاعی نظاموں سے بچنے کے قابل ہے۔ یہ میزائل لامحدود مدت تک فضا میں رہ سکتا ہے، جو میزائل دفاعی سسٹم کے لیے ایک نیا چیلنج پیش کرتا ہے۔ 2019 میں اس کے ایک ناکام تجربے کے دوران کئی سائنسدان ہلاک ہوئے تھے، مگر اب روس کا بوریوسٹنک میزائل کا فوجی ترقی کا پروگرام کامیابی کی طرف گامزن ہے۔
صدر پوتن نے اس میزائل کو روس کی قومی سلامتی کے لیے ضروری قرار دیا ہے، خاص طور پر ایسے عالمی ماحول میں جہاں امریکہ اور مغرب کی فوجی موجودگی بڑھ رہی ہے۔ بوریوسٹنک کا ارتقاء روس کی اسٹریٹجک طاقت کے مظاہرے کے طور پر بھی دیکھاجا سکتا ہے، جو دنیا کی سب سے بڑی ایٹمی طاقت ہونے کے ناطے اپنے دفاع میں ایک نئے توازن کی کوشش کر رہا ہے۔





