جموں و کشمیر کے باندی پورہ ضلع کے گوریج سیکٹر میں جمعرات کی صبح فوج نے ہندوستانی علاقے میں داخل ہونے کی کوشش کر رہے دو دہشت گردوں کو مار گرایا۔ فوج کے چنار کورپس نے سوشل میڈیا سائٹ ’ایکس‘ پر اس کی اطلاع دیتے ہوئے بتایا کہ خفیہ اطلاع ملنے کے بعد فوج اور جموں پولیس نے مہم چلاتے ہوئے دو دہشت گردوں کو ڈھیر کر دیا ہے۔
فوج کی طرف سے کہا گیا کہ مستعد فوجیوں نے مشتبہ سرگرمی دیکھی اور در اندازوں کو چیلنج کیا جس کے بعد دہشت گردوں نے اندھا دھند فائرنگ شروع کر دی۔ اس کے بعد فوج نے جوابی کارروائی میں گولی باری کی اور دو دہشت گردوں کو ان کے انجام تک پہنچا دیا۔ مارے گئے دہشت گردوں کی شناخت اور ان کی تنظیم کا ابھی پتہ نہیں چل پایا ہے۔ فوج کے بیان کے مطابق تلاشی مہم ابھی بھی جاری ہے۔
قابل ذکر ہے کہ اس سے پہلے اسی مہینے کی شروعات میں اکھل علاقے میں دو دہشت گرد مارے گئے تھے۔ 30 جولائی کو بھی فوج نے دہشت گرد تنظیم لشکر طیبہ کے دو مسلح جنگجوؤں کو مار گرایا تھا۔
30 جولائی کو ہندوستانی فوج نے پونچھ علاقے میں ’آپریشن شیو شکتی‘ کی بھی شروعات کی تھی۔ یہ آپریشن علاقے میں دہشت گردوں کی موجودگی کے بارے میں جموں و کشمیر پولیس کے ساتھ مل کر فوجی اور شہری خفیہ اکائیوں کے ذریعہ تال میل اور ہم آہنگی سے حاصل قابل اعتماد خفیہ اطلاعات ملنے کے بعد چلایا گیا تھا۔
دوسری طرف فوج نے جمعرات کو بتایا کہ جموں و کشمیر کے کپواڑہ ضلع میں ڈیوٹی کے دوران ایک جوان شہید ہو گیا۔ ایک دیگر پوسٹ میں جمعرات کو چنار کور نے لکھا- ’’چنار کور کپواڑہ ضلع میں آپریشنل ڈیوٹی ادا کرتے ہوئے بہادر حولدار اقبال علی شہید ہو گئے، ہم ان کی اس قربانی کا احترام کرتے ہیں، ان کی بہادری اور وقفیت ہمیں ہمیشہ متاثر کرتی رہے گی۔‘‘