مدھیہ پردیش کی بی جے پی حکومت اِن دنوں سڑک کی بدتر حالت کے لیے تنقید کا نشانہ بن رہی ہے۔ شدید بارش کے بعد کئی سڑکوں کی حالت بدتر ہے اور کچھ مقامات پر تو ہلاکت خیز واقعات بھی پیش آئے ہیں۔ مدھیہ پردیش ہی نہیں، بلکہ ملک کی راجدھانی دہلی، ہریانہ اور چھتیس گڑھ جیسی بی جے پی حکمراں ریاستوں میں موسلادھار بارش کے بعد سڑکوں کی حالت تالاب جیسا نظارہ پیش کر رہی ہیں، اور جگہ جگہ گڈھے بھی دکھائی دے رہے ہیں۔ بی جے پی حکمراں ریاستوں میں سڑکوں کی بدتر حالت اور پیش آئے دردناک حادثات کے بعد کانگریس نے حملہ آور رخ اختیار کر لیا ہے۔ پریس کانفرنس اور سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کے ذریعہ بی جے پی حکومتوں پر حملے ہو رہے ہیں، بدعنوانی کے الزامات عائد کیے جا رہے ہیں اور عوام کے مسائل کو بھی سامنے رکھے جا رہے ہیں۔
اس درمیان مدھیہ پردیش کے وزیر برائے پی ڈبلیو ڈی راکیش سنگھ نے ایک ایسا بیان دے دیا ہے، جس نے کانگریس کو حملہ آور ہونے کا موقع فراہم کر دیا۔ ان کی ایک ویڈیو سامنے آئی ہے، جس میں وہ کہتے دکھائی دے رہے ہیں کہ ’’جب تک سڑکیں رہیں گی، تب تک گڈھے ہوتے رہیں گے۔‘‘ کانگریس نے اس ویڈیو کو اپنے ’ایکس‘ ہینڈل پر شیئر کرتے ہوئے لکھا ہے کہ ’’جب تک سڑکیں رہیں گی، تب تک گڈھے ہوتے رہیں گے۔ یہ بات مدھیہ پردیش کے پی ڈبلیو ڈی وزیر راکیش سنگھ نے کہی ہے۔ یہ پہلی بار نہیں ہے۔ ابھی کچھ دن پہلے ہی مدھیہ پردیش میں جام میں پھنس کر 3 لوگوں کی دردناک موت ہو گئی تھی، جس پر مودی حکومت کے محکمہ نے لوگوں کے باہر نکلنے کو ہی جام کی وجہ بتا دی تھی۔ اپنی ذمہ داری سے بھاگنا اور ایسی گھٹیا بیان بازی کے پیچھے اپنی ناکامی چھپانا، بی جے پی حکومت کی پرانی عادت رہی ہے۔‘‘ ساتھ ہی کانگریس نے راکیش سنگھ سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ ’’وزیر محترم، آپ سچ چھپانے کی لاکھ کوشش کر لیں، لیکن مدھیہ پردیش کی سڑکوں پر یہ گڈھے چیخ چیخ کر بی جے پی کی بدعنوانی اور لاپروائی کی گواہی دے رہے ہیں۔‘‘
کانگریس نے اپنے ’ایکس‘ ہینڈل پر ہی مزید ایک ویڈیو شیئر کی ہے، جس میں راکیش سنگھ کے ساتھ ساتھ دہلی کی وزیر اعلیٰ ریکھا گپتا کی ایک پرانی ویڈیو پوسٹ کی گئی ہے۔ ویڈیو میں ایک طرف راکیش سنگھ کا مذکورہ بالا بیان، یعنی ’’جب تک سڑکیں رہیں گی، تب تک گڈھے ہوتے رہیں گے‘‘ دکھایا گیا ہے، اور دوسری طرف ریکھا گپتا کا وہ پرانا بیان ہے، جس میں وہ بارش کے بعد دہلی میں آبی جماؤ پر اپنا دفاع کرتے ہوئے کہتی دکھائی دے رہی ہیں کہ ’’پانی آنا فطری ہے، لیکن نیچے کوئی توا تو نہیں لگا کہ اوپر سے آئے گا اور نیچے سے بھاپ بن کر اُڑ جائے گا۔‘‘ اس ویڈیو کے ساتھ کانگریس نے کیپشن لگایا ہے ’بی جے پی ہوگی، تو بہانے بھی ہوں گے‘۔ ساتھ ہی ویڈیو پر بھی ایک کیپشن لگا ہوا ہے ’ابکی بار، بہانے باز سرکار‘۔
کانگریس نے ایک ویڈیو چھتیس گڑھ کی بھی شیئر کی ہے، جہاں ایک سڑک پر کئی سارے گڈھے دکھائی دے رہے ہیں۔ ’دینک بھاسکر‘ کی اس ویڈیو کو شیئر کرتے ہوئے کانگریس نے طنزیہ انداز میں لکھا ہے کہ ’’چھتیس گڑھ کی ’ہائی ٹیک‘ سڑک دیکھیے۔ بی جے پی نے ’اسپیس ٹیکنالوجی‘ کا استعمال کر کے یہ سڑک بنوائی ہے، جس میں عوام کے محض 35 کروڑ روپے پھونکے گئے ہیں۔‘‘ ساتھ ہی یہ بھی لکھا گیا ہے کہ ’’اس ٹیکنالوجی میں سڑک بنانے کے لیے مروم کی جگہ کھیتوں کی سیاہ مٹی ڈلوا دی گئی، جس سے سڑک پر 2000 سے زیادہ گڈھے ہو گئے۔‘‘ آخر میں کانگریس نے لکھا ہے ’’بی جے پی حکومت بدعنوانی میں اپنا ہی ریکارڈ توڑ رہی ہے۔‘‘
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔