تہران پر حملے تیز، سری لنکا میں ایندھن کا بحران

AhmadJunaidJ&K News urduMarch 17, 2026358 Views


ایران پر امریکہ-اسرائیل حملے کے 18 دن ہو چکے ہیں۔ اس دوران منگل (17 مارچ) کو اسرائیلی فوج نے تہران پر حملے تیز کرنے کا اعلان کیا۔ اس جنگ کے اثرات خلیجی ممالک میں بھی واضح طور پر نظر آ رہے ہیں۔ منگل کی صبح ابو ظہبی میں ایک میزائل حملے کے دوران ایک پاکستانی شہری ہلاک ہو گیا۔

سوموار، 16 مارچ 2026 کو متحدہ عرب امارات کے دبئی انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے قریب ایک ڈرون حملے میں ایندھن کے ٹینک میں آگ لگ گئی، جس سے دھواں اٹھتا ہوا دیکھا گیا اور پروازوں کو عارضی طور پر معطل کرنا پڑا۔ (تصویر: اے پی)

نئی دہلی: مغربی ایشیا میں جاری جنگ اب مزید وسیع شکل اختیار کرتی نظر آ رہی ہے۔ منگل (17 مارچ) کی علی الصبح اسرائیلی فوج نے اعلان کیا کہ اس نے ایران کے دارالحکومت تہران میں ’بڑے پیمانے پر حملہ‘شروع کر دیا ہے، اس کے ساتھ ہی لبنان میں بھی اپنے حملے تیز کر دیے ہیں۔ یہ کارروائی ایسے وقت میں ہوئی جب اسرائیل نے ایران کی جانب سے دو بیلسٹک حملوں کی تصدیق کی۔

اس لڑائی  میں اب تک بھاری جانی نقصان ہو چکا ہے۔ سرکاری اعداد و شمار کے مطابق، ایران میں کم از کم 1,300 افراد ہلاک ہوئے ہیں، جبکہ لبنان میں 880 اور اسرائیل میں 12 افراد  کی جان گئی ہے۔ دوسری جانب امریکی فوج کے مطابق، اس جنگ میں اس کے 13 فوجی ہلاک اور تقریباً 200 زخمی ہوئے ہیں۔

خلیجی ممالک میں کشیدگی میں اضافہ، یو اے ای میں حملے

اس جنگ کے اثرات خلیجی ممالک میں بھی صاف دکھائی دے رہے ہیں۔ متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کے دارالحکومت ابو ظہبی میں منگل کی صبح ایک میزائل حملے کے دوران ایک پاکستانی شہری ہلاک ہو گیا۔ حکام کے مطابق، یہ شخص اس وقت مارا گیا جب ایئر ڈیفنس سسٹم کے ذریعے ایک بیلسٹک میزائل کو فضا میں ناکارہ بنائے جانے کے دوران اس کا ملبہ (شریپنل) بانی یاس علاقے میں گر ا۔

یو اے ای میں جنگ شروع ہونے کے بعد سے اب تک کل آٹھ افراد ہلاک ہو چکے ہیں، جن میں دو فوجی بھی شامل ہیں۔

دریں اثنا،دبئی میں بھی منگل کی علی الصبح دھماکوں کی آوازیں سنی گئیں۔ ایران کی جانب سے داغے گئے میزائلوں کو روکنے کے لیے یو اے ای کا فضائی دفاعی نظام متحرک رہا، جس کے باعث کچھ وقت کے لیے ملک کی فضائی حدود بھی بند کرنی پڑی۔

سمندری راستوں پر بھی خطرہ

ایران کے حملوں کا اثر سمندری آمد و رفت پر بھی پڑا ہے۔ یو اے ای کے مشرقی ساحل کے قریب خلیج عمان میں لنگر انداز ایک آئل ٹینکر پر منگل کی صبح پروجیکٹائل سے حملہ کیا گیا۔ برطانوی فوج کے زیر انتظام یونائیٹڈ کنگڈم میری ٹائم ٹریڈ آپریشنز(یو کے ایم ٹی او)نے بتایا کہ ٹینکر کو معمولی نقصان پہنچا، تاہم کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ہے۔

بتایا جا رہا ہے کہ جنگ شروع ہونے کے بعد سے اب تک اس علاقے میں تقریباً 20 جہاز حملوں کی زد میں آ چکے ہیں۔ ایران کی فوجی کارروائیوں کے باعث آبنائے ہرمز کے ذریعے ہونے والی سمندری نقل و حرکت شدید متاثر ہوئی ہے۔ یہ وہ اہم راستہ ہے جس کے ذریعے دنیا کے تقریباً 20 فیصد تیل اور قدرتی گیس کی تجارت ہوتی ہے۔

سری لنکا میں ایندھن کا بحران، ہفتہ وار تعطیل کا اعلان

اس جنگ کے اثرات جنوبی ایشیا تک پہنچ چکے ہیں۔ سری لنکا نے ممکنہ ایندھن بحران کے پیش نظر ہر بدھ کو سرکاری اداروں کے لیے تعطیل کا اعلان کر دیا ہے تاکہ ایندھن کی کھپت کم کی جا سکے۔ بی بی سی کی رپورٹ کے مطابق، خلیجی خطے میں سپلائی متاثر ہونے کے باعث سری لنکا میں ایندھن کی قلت کا خدشہ بڑھ گیا ہے۔

ہندوستان میں بھی  بحران کے آثار

ہندوستان میں بھی اس جنگ کے اثرات ظاہر ہونے لگے ہیں، خصوصی طور پر ایل پی جی (گھریلو گیس) اور توانائی کی فراہمی کے حوالے سے صورتحال غیر معمولی ہوتی جا رہی ہے۔ عالمی ایندھن سپلائی میں رکاوٹ اور تیل و گیس کی قیمتوں میں اتار چڑھاؤ کا براہ راست اثر ملک کے کئی حصوں میں دیکھا جا رہا ہے۔

ماہرین کا ماننا ہے کہ اگر یہ تنازعہ طویل ہوتا ہے تو توانائی کی فراہمی، قیمتوں اور عام لوگوں کی روزمرہ زندگی پر اس کے اثرات مزید گہرے ہو سکتے ہیں۔



0 Votes: 0 Upvotes, 0 Downvotes (0 Points)

Leave a reply

Loading Next Post...
Search Trending
Popular Now
Loading

Signing-in 3 seconds...

Signing-up 3 seconds...