
چنئی: تمل ناڈو کے جنوبی حصے میں آج بدھ کے روز شدید بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ محکمہ موسمیات ہند (آئی ایم ڈی) کے مطابق ریاست کے چار اضلاع — ترونلویلی، رام ناتھ پورم، توتیکوڈی اور کنیا کماری — میں ایک یا دو مقامات پر موسلادھار بارش ہوسکتی ہے۔ ادارے نے خاص طور پر ترونلویلی کے پہاڑی علاقوں میں شام کے وقت گرج چمک اور تیز ہوا کے ساتھ بارش کی پیش گوئی کی ہے۔
چنئی کے علاقائی موسمی مرکز نے بتایا کہ جنوب مشرقی عرب سمندر میں کم دباؤ کا علاقہ بننے سے تمل ناڈو کے جنوبی اضلاع میں بارش کے امکانات بڑھ گئے ہیں۔ یہ دباؤ آہستہ آہستہ مغرب کی سمت بڑھ رہا ہے جس کے اثرات ریاست کے ساحلی اور پہاڑی علاقوں میں دکھائی دے سکتے ہیں۔






