
چنئی: کرسمس اور سالِ نو کی تعطیلات سے قبل جنوبی ہند میں گھریلو اور مذہبی سفر میں نمایاں اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے۔ اسی کو مدِنظر رکھتے ہوئے تمل ناڈو، کرناٹک اور کیرالہ کی ٹرانسپورٹ ایجنسیوں نے بس اور ریل خدمات میں بڑے پیمانے پر توسیع کی ہے، تاکہ مسافروں کو ہجوم اور آخری وقت کی دشواریوں سے بچایا جا سکے۔
تمل ناڈو میں سب سے بڑا انتظام اسٹیٹ ایکسپریس ٹرانسپورٹ کارپوریشن اور تمل ناڈو اسٹیٹ ٹرانسپورٹ کارپوریشن کی جانب سے کیا گیا ہے۔ حکام کے مطابق اگلے دو دنوں میں چنئی سے ریاست کے مختلف اضلاع کے لیے مجموعی طور پر 900 خصوصی بسیں چلائی جا رہی ہیں۔ ان میں سے بدھ کے روز 255 اور جمعرات کو 525 بسیں روانہ ہوں گی۔ زیادہ تر بسیں کِلمبکم انٹیگریٹڈ بس ٹرمینس سے چلیں گی، جبکہ شمالی چنئی کے مادھاورم سے بھی اضافی سروسز رکھی گئی ہیں۔






