
حیدرآباد میں تلگو فلم انڈسٹری کے سینما ورکرز نے اجرتوں میں اضافہ نہ ہونے پر احتجاج تیز کر دیا ہے۔ تلگو فلم انڈسٹری ایمپلائز فیڈریشن نے اعلان کیا ہے کہ اگر مطالبات تسلیم نہ کیے گئے تو پیر سے فلموں کی شوٹنگ مکمل طور پر روک دی جائے گی۔
اتوار کو فیڈریشن کے دفتر کے باہر بڑی تعداد میں ملازمین جمع ہوئے اور اپنے حق میں نعرے لگائے۔ اس احتجاج میں فیڈریشن سے وابستہ تمام 24 یونینز کے نمائندے اور کارکن شریک تھے۔ فیڈریشن کے صدر انیل ولّبھ نینی نے واضح کیا کہ اگر فلم پروڈیوسرز کے ساتھ بات چیت میں مثبت نتیجہ نہ نکلا تو تمام شوٹنگز بند کر دی جائیں گی۔ البتہ پہلے سے طے شدہ شوٹنگ شیڈول کے لیے چند دن کی مہلت دی جائے گی تاکہ فوری نقصان سے بچا جا سکے لیکن پروڈیوسرز کو مذاکرات کے لیے تیار رہنا ہوگا۔





