
ریاست کے وزیراعلیٰ اے ریونت ریڈی نے اسمبلی میں قرارداد پیش کی، جسے صوتی ووٹ سے متفقہ طور پر منظور کردیا گیا۔ قرارداد کے مطابق نیا قانون غریبوں کے حقوق، خواتین مزدوروں کے حقوق کے خلاف ہے اور وفاقیت کی روح کی خلاف ورزی کرتا ہے۔
قرارداد میں کہا گیا ہے کہ منریگا کو 2005 میں ڈاکٹر منموہن سنگھ کی قیادت والی یو پی اے حکومت نے دیہی غریبوں کو روزگار اور غریب خاندانوں کو معاشی تحفظ فراہم کرنے کے لیے نافذ کیا تھا۔ یہ ایکٹ، غریبی، بے روزگاری، نقل مکانی، غیر ہنر مند مزدوروں کے استحصال اور مرد اور خواتین کے درمیان اجرت کے تفاوت کو کم کرنے اور معاشرے کے تمام طبقات کی ترقی کو فروغ دینے کے مقصد سے بنایا گیا اوریہ 2 فروری 2006 کو نافذ ہوا۔ اس ایکٹ کا بنیادی مقصد ہر دیہی خاندان میں کم از کم 100 دن کی ملازمت کو یقینی بنانا اور کم از کم اجرت فراہم کرنا ہے۔






