یورپ ان دنوں شدید گرمی کی لپیٹ میں ہے، جہاں کئی ممالک میں درجہ حرارت معمول سے کہیں زیادہ ریکارڈ کیا جا رہا ہے۔ موسمیاتی تبدیلی کے اثرات اس قدر نمایاں ہو چکے ہیں کہ جنگلات میں آگ، انسانی ہلاکتیں اور وسیع پیمانے پر تباہی روز کا معمول بنتا جا رہا ہے۔
ترکیہ کے جنوب مشرقی شہر سلوپی میں جمعہ کے روز درجہ حرارت 50.5 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا، جو ملکی تاریخ کا نیا ریکارڈ ہے۔ وزارت ماحولیات کے مطابق سلوپی، عراق اور شام کی سرحد سے تقریباً 10 کلومیٹر کے فاصلے پر واقع ہے۔ اس سے قبل اگست 2023 میں یہاں 49.5 ڈگری ریکارڈ کیا گیا تھا۔ وزارت نے یہ بھی بتایا کہ جولائی کے مہینے میں ملک کے 132 موسمیاتی مراکز نے درجہ حرارت کے نئے ریکارڈ درج کیے ہیں۔