
سید محمود 1889ء میں ضلع غازی پور کے موضع سیدپور بھیتری میں قاضی سید محمد عمر کے گھر پیدا ہوئے۔ ابتدائی تعلیم جونپور میں حاصل کی اور پھر علی گڑھ کالج پہنچے۔ وہاں سر راس مسعود، تصدق حسین شیروانی اور عبدالرحمن بجنوری جیسے باکمال ہم جماعت ملے۔ علی گڑھ کے دنوں میں ہی ان کے دل میں برطانوی استعمار کے خلاف بغاوت کا جذبہ بیدار ہوا۔ 1905ء میں انڈین نیشنل کانگریس کے بنارس اجلاس میں شریک ہوئے اور طلبہ تحریکوں میں بھی پیش پیش رہے۔ برطانوی انتظامیہ کے دباؤ کے بعد انہیں علی گڑھ سے نکالا گیا تو وہ بیرسٹری کی تعلیم کے لیے لندن روانہ ہوئے۔
لندن میں قیام کے دوران ان کے روابط مہاتما گاندھی اور پنڈت جواہر لال نہرو سے استوار ہوئے۔ 1912ء میں جرمنی سے ڈاکٹریٹ کی ڈگری حاصل کی اور 1913ء میں وطن واپس آ کر پٹنہ میں وکالت شروع کی۔ لیکن جلد ہی سیاست اور قومی خدمت نے انہیں عملی وکالت سے دور کر دیا۔






