بہار کے وزیر اعلیٰ نتیش کمار نے پیر کو قانون ساز کونسل سے استعفیٰ دے دیا ہے۔ اس پر بہار اسمبلی میں حزب اختلاف کے قائد اور آر جے ڈی رہنما تیجسوی کا پہلا ردعمل سامنے آیا ہے۔ تیجسوی یادو نے طنز کستے ہوئے کہا کہ ’’نتیش کمار ٹھگی کے شکار ہو گئے ہیں، یا یوں کہیں کہ انہیں ٹھگا گیا ہے۔ یہ فیصلہ دباؤ میں لیا گیا ہے اور بہار کو ٹھگا گیا ہے۔‘‘
نامہ نگاروں سے بات کرتے ہوئے تیجسوی یادو نے کہا کہ اگر کوئی بھی دوسرے ایوان کے لیے منتخب ہوتا ہے تو ایک ایوان سے استعفیٰ دینا پڑتا ہے۔ نتیش کمار کو ٹھگا گیا ہے، اسی لیے آج انہوں نے استعفیٰ دیا ہے۔ نتیش کمار کو یہ فیصلہ لینے کے لیے مجبور کیا گیا ہے۔ آر جے ڈی لیڈر نے بی جے پی کو ہدف تنقید بناتے ہوئے کہا کہ ’’بی جے پی نے بہار کے عوام کو بھی ٹھگا ہے۔ ہم شروع سے کہتے تھے کہ جب بھی بی جے پی کی حکومت آئے گی، انہیں وزیر اعلیٰ کے عہدہ پر نہیں رہنے دے گی اور آج وہی ہوا ہے۔‘‘
میڈیا سے بات کرتے ہوئے جب تیجسوی یادو سے پوچھا گیا کہ نتیش کمار کے استعفیٰ پر کئی وزیر اور اراکین اسمبلی رو رہے ہیں۔ اس پر انہوں نے کہا کہ کون رو رہا ہے؟ اور کون کیا کر رہا ہے وہ نہیں جانتے۔ نتیش کمار سب جانتے ہیں، لیکن اب وہ کیا کریں؟ آر جے ڈی لیڈر نے طنز کستے ہوئے کہا کہ ’’آج کل لوگ کیمرہ دیکھ کر صرف ڈرامہ کرتے ہیں۔ اب سب کچھ تو کر ہی لیا ہے، کچھ بچا نہیں ہے۔ شروع سے کہتے رہے ہیں کہ انتخاب کے بعد کے نتیش کمار وزیر اعلیٰ نہیں رہیں گے۔ ان کو صرف 3-2 ماہ کے لیے وزیر اعلیٰ بنایا گیا اور اب ہٹا رہے ہیں۔‘‘
تیجسوی یادو نے مزید کہا کہ بی جے پی والوں نے صرف ٹھگنے کا کام کیا ہے۔ بہار میں پہلے سے ہی ملک میں سب سے مہنگی بجلی ملتی تھی۔ انتخاب کے بعد اسے مزید مہنگا کر دیا گیا۔ نتیش کمار کے بیٹے نشانت کمار کے مستقبل کے بارے میں پوچھے جانے پر تیجسوی یادو نے کہا کہ اس پر ہم کوئی تبصرہ نہیں کریں گے۔ لیکن اگر کوئی نوجوان سیاست میں آتا ہے تو ہم اس کی حمایت کرتے ہیں۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔



































