
کانگریس کے 24 سالہ نوین کمار سب سے کم عمر امیدوار ہیں۔ انہوں نے انجینئرنگ کی تعلیم حاصل کی ہے اور سیتا مڑھی کے بتھناہا (مخصوص) حلقے سے امیدوار ہیں۔ 2023 میں صرف 23 برس کی عمر میں وہ ضلع کونسل کے رکن منتخب ہو چکے ہیں۔
ان کی شکل و صورت معصومانہ ضرور ہے لیکن خیالات پختہ ہیں۔ وہ اس حلقے سے انتخاب لڑ رہے ہیں جس پر گزشتہ تین انتخابات سے بی جے پی کا قبضہ رہا ہے۔ کانگریس انہیں اگلی نسل کی قیادت کے طور پر دیکھ رہی ہے۔
کانگریس نے بچھواڑہ سے 30 سالہ شیو پرکاش غریب داس کو میدان میں اتارا ہے، جہاں ان کا سی پی آئی سے ’دوستانہ مقابلہ‘ ہے۔ 2020 میں انہوں نے آزاد حیثیت میں الیکشن لڑ کر تیسری پوزیشن حاصل کی تھی۔ سیاست ان کے خون میں ہے، ان کے والد رام دیو رائے کانگریس کے سینئر لیڈر تھے جنہوں نے 1972 اور 1977 میں اسمبلی سیٹ جیتی اور 1984 میں لوک سبھا الیکشن میں کرپوری ٹھاکر کو شکست دی تھی۔
منڈل دور کے بعد کانگریس نے ریاست میں اپنی گرفت کھو دی تھی، جسے اب پارٹی دوبارہ حاصل کرنے کی امید کر رہی ہے۔ غریب داس کے کاغذات نامزدگی داخل کرنے کے چند دن بعد پارٹی کے اسٹار تشہیرکار عمران پرتاپ گڑھی ان کی حمایت میں تشہیر کے لیے پہنچے اور خود کو راہل گاندھی کا پیغام رساں قرار دیتے ہوئے کہا کہ انہیں غریب داس کی کامیابی یقینی بنانے کا کام سونپا گیا ہے۔






