بہار میں ووٹر لسٹ کی جامع نظرثانی کا معاملہ سنگین تنازع میں گھرا ہوا ہے۔ ایک طرف الیکشن کمیشن اپنی ضد پر اڑا ہوا ہے اور اس نے سپریم کورٹ کا مشورہ ماننے سے بھی انکار کر دیا۔ یہ دو آئینی اداروں میں ٹکراؤ کی صورت اختیار کر رہا ہے۔ 28 جولائی کو سپریم کورٹ پھر اس معاملے کی سماعت کرے گا، دیکھتے ہیں کہ اونٹ کس کروٹ بیٹھتا ہے۔
ادھر تیجسوی یادو نے الیکشن کمیشن کے تاناشاہی رویے کے خلاف اسمبلی الیکشن کے بائیکاٹ پر غور کرنے تک کی دھمکی دے دی ہے۔ پارلیمنٹ کے بارانی اجلاس میں بھی یہ مسئلہ چھایا ہوا ہے اور اپوزیشن کی سبھی پارٹیوں کے ممبران سیاہ کپڑوں اور سیاہ پٹیاں باندھ کر ایوان کے اندر اور باہر احتجاج کر رہے ہیں لیکن الیکشن کمیشن ٹَس سے مس ہونے کو تیار نہیں ہے۔