اپوزیشن جماعتیں کافی دنوں سے یہ مطالبہ کر رہی تھیں کہ لسٹ سے کٹے ہوئے ووٹروں کے نام عوامی طور پر ظاہر کیے جائیں تاکہ جانچ پڑتال ممکن ہو سکے۔ کانگریس اور دیگر جماعتوں نے الیکشن کمیشن پر دباؤ ڈالا تھا کہ بہار میں شفافیت کے بغیر انتخابات نہیں کرائے جا سکتے۔ کمیشن کے فیصلے کے بعد اب ووٹرز کے پاس موقع ہے کہ وہ اپنے نام کے اخراج کے خلاف دعویٰ یا اعتراض داخل کریں۔
چیف الیکشن کمشنر نے یہ بھی وضاحت کی کہ ہندوستان میں انتخابات کے انعقاد کا نظام قانون کے تحت ایک کثیر سطحی اور غیر مرکزی ڈھانچے پر مبنی ہے۔ ووٹر لسٹ کی تیاری کا کام بنیادی طور پر ضلع سطح پر تعینات انتخابی رجسٹریشن افسر (ای آر او) کرتے ہیں، جنہیں بوتھ لیول افسران (بی ایل او) کی مدد حاصل رہتی ہے۔ یہ دونوں افسر اس بات کے ذمہ دار ہوتے ہیں کہ ووٹر لسٹ درست اور بے نقص ہو۔