نئی دہلی: پارلیمنٹ کے مانسون اجلاس کے دوسرے دن بھی زبردست ہنگامے کے آثار ہیں۔ حزب اختلاف کی جانب سے آپریشن سندور پر بحث کا مطالبہ کیا جا رہا ہے جبکہ آج پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں میں بہار میں جاری ووٹر لسٹ کی خصوصی نظر ثانی (اسپیشل انٹینسِو ریویژن، ایس آئی آر) پر بحث کرانے کے لیے نوٹس پیش کئے گئے ہیں۔ ایوان کی کارروائی صبح 11 بجے شروع ہونی ہے لیکن اپوزیشن کے احتجاج کو دیکھتے ہوئے امکان ہے کہ آج بھی سیشن متاثر ہو سکتا ہے۔
کانگریس کے رکن پارلیمان منیکم ٹیگور نے آج لوک سبھا میں رول 56 کے تحت التوا کی تحریک پیش کی، جس میں بہار میں جاری ایس آئی آر کو جمہوری حقوق کے لیے شدید خطرہ قرار دیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ سخت دستاویزی تقاضے، جیسے پیدائشی سرٹیفکیٹ یا پاسپورٹ، خاص طور پر دلت، اقلیتوں، پسماندہ طبقات اور مہاجر مزدوروں سمیت لاکھوں شہریوں کو ووٹ کے حق سے محروم کر سکتے ہیں۔