جے رام رمیش نے الیکشن کمیشن کے ہی ایک سروے کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ 2024 کے لوک سبھا انتخابات کے فوراً بعد بہار کے تمام 243 اسمبلی حلقوں میں سروے کرایا گیا تھا۔ اس سروے کی رپورٹ میں صاف کہا گیا کہ ریاست کی ووٹر لسٹیں ’تقریباً مکمل طور پر درست‘ ہیں۔ اس بنیاد پر کمیشن نے جنوری 2025 تک کسی طرح کے خصوصی گہری نظرثانی کو ضروری نہیں سمجھا تھا۔
انہوں نے کہا کہ سروے میں یہ بھی سامنے آیا تھا کہ کچھ شہری محض کاغذی پیچیدگیوں اور بیداری کی کمی کی وجہ سے ووٹر لسٹ میں شامل نہیں ہو پائے۔ اس مسئلے کا حل یہ ہے کہ زیادہ سے زیادہ لوگوں کو بآسانی لسٹ میں شامل کیا جائے، نہ کہ موجودہ ووٹروں کو باہر نکالا جائے۔ رمیش نے دعویٰ کیا کہ کئی شہریوں نے اپنے ووٹر کارڈ حاصل کرنے میں پیش آنے والی مشکلات کو بڑی رکاوٹ بتایا تھا۔