
نئی دہلی: سپریم کورٹ آج بہار میں ووٹر لسٹ کی خصوصی گہری نظر ثانی (ایس آئی آر) کو چیلنج کرنے والی عرضیوں پر سماعت دوبارہ شروع کرے گا۔ یہ معاملہ اس وقت ملک گیر بحث کا موضوع بن گیا جب الیکشن کمیشن آف انڈیا (ای سی آئی) کے جاری کردہ ڈرافٹ ووٹر لسٹ سے تقریباً 65 لاکھ ناموں کے غائب ہونے کی خبر سامنے آئی۔
جمعرات کو الیکشن کمیشن نے سپریم کورٹ میں حلف نامہ داخل کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ عدالت کے تمام عبوری احکامات پر مکمل عمل درآمد کیا جا چکا ہے۔ کمیشن کے مطابق مسودہ ووٹر لسٹ سے خارج کیے گئے تمام 65 لاکھ افراد کی بوتھ وار فہرست بہار کے 38 ضلع الیکشن افسران (ڈی ای او) کی سرکاری ویب سائٹس پر اپ لوڈ کر دی گئی ہے۔






