مدھیہ پردیش کی راجدھانی بھوپال واقع ایئرپورٹ کو بم سے اڑانے کی دھمکی موصول ہوئی ہے۔ دھمکی بھرا ایک ای میل اتوار کے روز ایئرپورٹ ڈائریکٹر کو بھیجا گیا، جس کے بعد ایک ہنگامہ برپا ہو گیا۔ اس ای میل میں بتایا گیا ہے کہ ایئرپورٹ احاطہ میں دھماکہ خیز شئے نصب کیا گیا ہے اور کسی بھی وقت دھماکہ کر ایئرپورٹ کو اڑایا جا سکتا ہے۔ اس ای میل کے بعد پیر کے روز بھی انتظامیہ کے ذریعہ سیکورٹی سخت رکھی گئی اور تلاشی کے دوران اب تک کوئی دھماکہ خیز شئے برآمد نہیں ہوا ہے۔
قابل ذکر ہے کہ گزشہ کچھ مہینوں سے لگاتار بھوپال میں الگ الگ مقامات کو بم سے اڑانے کی دھمکیاں مل رہی ہیں۔ یہ چوتھی بڑی دھمکی ہے، اور ایئرپورٹ کو ملی اس دھمکی نے ایئرپورٹ انتظامیہ میں ہلچل مچا دی ہے۔ ای میل موصول ہونے کے بعد ایئرپورٹ انتظامیہ بھوپال کے گاندھی نگر تھانہ میں اس کی شکایت درج کرائی ہے۔ گاندھی نگر پولیس نے نامعلوم ملزم کے خلاف تعزیرات ہند کی دفعہ اور ہوابازی سیکورٹی ایکٹ کے تحت مجرمانہ دھمکی کا معاملہ درج کیا ہے۔
بتایا جاتا ہے کہ دھمکی بھرا ای میل موصول ہونے کی خبر کے بعد بم ڈسپوزل اسکواڈ اور ڈاگ اسکواڈ نے احتیاطاً جانچ شروع کر دی۔ حالانکہ ایئرپورٹ پر آپریشنل امور کو روکا نہیں گیا۔ پولیس اور سائبر سیل کی ٹیمیں اب اس دھمکی آمیز ای میل کے ذرائع کا پتہ کرنے میں مصروف ہیں۔ قابل ذکر ہے کہ اس سے قبل بھوپال میں پرائیویٹ لیب اور اسکولوں کو بھی بم سے اڑانے کی دھمکیاں مل چکی ہیں، جو بعد میں فرضی ثابت ہوئی تھیں۔ امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ تازہ دھمکی بھی فرضی ہی ہوگی۔ قابل ذکر ہے کہ گزشتہ کچھ مہینوں میں ملک کے کئی دیگر ہوائی اڈوں کو بھی اس طرح کی دھمکیاں مل چکی ہیں، جن میں بنگلورو، حیدر آباد اور کولکاتا کے ہوائی اڈے شامل ہیں۔ ان سبھی مقامات پر موصول دھمکیاں بعد میں فرضی ہی ثابت ہوئیں۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔