بھارتی فضائیہ کا جیگوار لڑاکا طیارہ راجستھان میں گر کر تباہ، دونوں پائلٹ ہلاک – World

AhmadJunaidJ&K News urduJuly 9, 2025357 Views



بھارتی فضائیہ کا جیگوار لڑاکا طیارہ راجستھان کے ضلع چورو کے بھانودا گاؤں کے قریب گر کر تباہ ہوگیا، حادثے میں دو پائلٹ ہلاک ہوگئے۔

بھارتی فضائیہ ( آئی اے ایف) نے ایکس پر پوسٹ میں کہا ہے کہ ’ آئی اے ایف کا ایک جیگوار ٹرینر طیارہ معمول کی تربیتی پرواز کے دوران حادثے کا شکار ہو کر آج راجستھان کے چورو کے قریب گر کر تباہ ہو گیا، حادثے میں دونوں پائلٹ جان کی بازی ہار گئے،’

بھارتی چینل ’این ڈی ٹی وی‘ کی رپورٹ کے مطابق اس طیارے نے سورت گڑھ ایئربیس سے اڑان بھری تھی، بھارتی فضائیہ کے راجستھان میں کئی اڈے ہیں جن میں ایک جودھپور اور دوسرا بیكانیر میں واقع ہے۔

’ہندوستان ٹائمز‘ کے مطابق راجال دیسر کے اسٹیشن ہاؤس افسر (ایس ایچ او) کملیش نے خبر رساں ایجنسی ’پی ٹی آئی‘ کو بتایا کہ یہ طیارہ دوپہر تقریباً ایک بج کر 25 منٹ پر بھانودا گاؤں کے ایک زرعی میدان میں گر کر تباہ ہوا۔

ابتدائی اطلاعات کے مطابق جائے حادثہ کے ارد گرد انسانی جسم کے اعضا بکھرے ہوئے پائے گئے، جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ طیارے میں سوار پائلٹ شاید زندہ نہ بچ سکا ہو۔

حکام جائے وقوع پر پہنچ چکے ہیں اور مزید تفصیلات کا انتظار ہے کیونکہ تفتیش اور ریسکیو آپریشن جاری ہے۔

مارچ 2025 میں بھارتی فضائیہ (آئی اے ایف) کا ایک لڑاکا طیارہ ہریانہ کے ضلع پنچکولا میں معمول کی تربیتی پرواز کے دوران گر کر تباہ ہو گیا تھا۔

فضائیہ نے اطلاع دی تھی کہ پائلٹ کو سسٹم میں خرابی کا سامنا ہوا، لیکن اس نے کامیابی سے طیارے کو آبادی والے علاقے سے دور لے جا کر خود کو محفوظ طریقے سے ایجیکٹ کر لیا۔

بھارتی فضائیہ کے مطابق پائلٹ نے طیارے کو زمین پر کسی بھی آبادی سے دور لے جا کر خود کو محفوظ طریقے سے باہر نکال لیا تھا، حادثے کی وجہ جاننے کے لیے فضائیہ نے انکوائری کا حکم دیا تھا۔

اس سے قبل اپریل میں فضائیہ کا ایک جیگوار لڑاکا طیارہ گجرات کے جام نگر کے قریب گر کر تباہ ہو گیا تھا، جس کے نتیجے میں 2 پائلٹوں میں سے ایک سدھارتھ یادو نے ساتھی کی جان بچاتے ہوئے اپنی جان گنوا دی تھی۔

یہ طیارہ رات 9:30 بجے تربیتی مشن کے دوران تکنیکی خرابی کے باعث کھلے میدان میں گر کر تباہ ہوا تھا، یادو نے یقینی بنایا کہ ان کے ساتھی پائلٹ بروقت ایجیکٹ ہو جائیں، جس کی وجہ سے وہ صرف معمولی زخمی ہوئے۔

بدقسمتی سے یادو وقت پر طیارے سے باہر نہ نکل سکے، تاہم عام شہریوں کی جانیں محفوظ رہیں۔

سدھارتھ کے والد سشیل یادو نے اپنے بیٹے پر فخر کا اظہار کرتے ہوئے انہوں نے این ڈی ٹی وی کو بتایا تھا کہ ’مجھے بہت فخر ہے، اس نے کسی کی جان بچاتے ہوئے اپنی جان قربان کر دی، لیکن یہ دکھ کی بات بھی ہے، کیونکہ وہ میرا اکلوتا بیٹا تھا‘۔

0 Votes: 0 Upvotes, 0 Downvotes (0 Points)

Leave a reply

Loading Next Post...
Trending
Popular Now
Loading

Signing-in 3 seconds...

Signing-up 3 seconds...