

برطانیہ اور بھارت کے درمیان دفاعی معاہدہ طے پاگیا، جس کے تحت برطانیہ، بھارت کو میزائل مہیا کرے گا۔
عالمی خبر رساں ادارے رائٹرز کی رپورٹ کے مطابق برطانیہ نے اعلان کیا کہ بھارتی فوج کو برطانیہ میں تیار کردہ ہلکے وزن کے میزائل فراہم کرنے کے لیے 35 کروڑ پاؤنڈ (468 ملین ڈالر) کے معاہدے پر دستخط کیے، جو دونوں ممالک کے درمیان بڑھتی ہوئی دفاعی اور اسلحہ جاتی شراکت داری کا حصہ ہے۔
یہ اعلان اس وقت سامنے آیا، جب برطانوی وزیرِ اعظم کیئر اسٹارمر بھارتی ہم منصب نریندر مودی سے ممبئی میں ملاقات کر رہے تھے، جہاں دونوں رہنماؤں نے چند ماہ پرانے تجارتی معاہدے کے نتیجے میں ابھرنے والے تجارتی تعلقات کی صلاحیت کو سراہا۔
دفاعی معاہدے سے متعلق اپنے بیان میں برطانوی حکومت نے کہا کہ شمالی آئرلینڈ میں تھالیس (Thales) کمپنی کی جانب سے تیار کیے جانے والے ’لائٹ ویٹ ملٹی رول میزائلز‘ کے اس نئے معاہدے سے 700 ملازمتیں پیدا ہوں گی اور یہ وہی فیکٹری ہے جو اس وقت یوکرین کے لیے بھی یہی ہتھیار بنا رہی ہے۔
بیان میں کہا گیا کہ’ یہ معاہدہ برطانیہ اور بھارت کے درمیان ایک وسیع تر پیچیدہ ہتھیاروں کی شراکت داری کی راہ ہموار کرتا ہے، جس پر فی الحال دونوں حکومتوں کے درمیان بات چیت جاری ہے۔’
گزشتہ 12 مہینوں کے دوران کیئر اسٹارمر نے برطانیہ کے دفاعی شعبے کی بھرپور حمایت کی ہے تاکہ معیشت میں تیز رفتار ترقی لائی جا سکے، انہوں نے نیٹو کے اہداف کے مطابق دفاعی اخراجات بڑھانے کے وعدے کے ساتھ ساتھ برآمدات کے فروغ پر بھی زور دیا ہے، جن میں حال ہی میں ناروے کے ساتھ 13.5 ارب ڈالر کا فریگیٹ معاہدہ بھی شامل ہے۔
برطانیہ نے یہ بھی کہا کہ اس نے بھارت کے ساتھ بحری جہازوں کے لیے برقی انجنوں کی تیاری میں شراکت داری کے ایک نئے مرحلے میں پیش رفت کی ہے، جس کے ابتدائی معاہدے کی مالیت 25 کروڑ پاؤنڈ ہے۔






