اترپردیش کے وزیر توانائی اے کے شرما کی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو رہی ہے جس میں عوام انہیں علاقے میں جاری بجلی کی قلت سے متعلق شکایت کر رہے ہیں لیکن ان کا ردعمل حیران کن رہا۔ جیسے ہی شکایت کی گئی، وزیر موصوف نے دونوں ہاتھ بلند کیے اور ’جے شری رام، جے بجرنگ بلی کی‘ کے نعرے لگاتے ہوئے اپنی گاڑی میں بیٹھ کر روانہ ہو گئے۔
نیوز پورٹل ’آج تک‘ پر شائع رپورٹ کے مطابق، یہ واقعہ ضلع سلطان پور کا ہے، جہاں اے کے شرما کا قافلہ گزر رہا تھا۔ مقامی تاجروں کے ایک گروپ نے ان کا استقبال کیا۔ وزیر جیسے ہی گاڑی سے اترے، تاجروں اور عام لوگوں نے انہیں پھولوں کے ہار پہنائے اور خوش آمدید کہا۔ اسی دوران کچھ افراد نے بجلی کی ناقص فراہمی کی شکایت کی اور انہیں مطالبات پر مبنی ایک مکتوب بھی پیش کیا۔
موقع پر موجود لوگوں نے وزیر سے کہا، ’’سر، صرف تین گھنٹے ہی بجلی آتی ہے، بہت پریشان ہیں، افسران سن نہیں رہے، اب آپ ہی کچھ کیجئے۔‘‘ لیکن وزیر توانائی نے جواب دینے کے بجائے ہاتھ جوڑ کر کہا، ’’ٹھیک ہے، ٹھیک ہے، دیکھتے ہیں‘‘، اور پھر ہاتھ اٹھا کر ’جے شری رام، جے شری رام، جے بجرنگ بلی کی‘ کا نعرہ لگا کر اپنی گاڑی میں بیٹھ گئے۔ عوام نے بھی اس کے بعد نعرے لگائے لیکن اصل مسئلہ وہیں کا وہیں رہ گیا۔
تاجروں کی جانب سے وزیر کو جو مکتوب پیش کیا گیا اس میں سوراپور پاور ہاؤس سے متعلق شکایات درج تھیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ علاقے میں صرف 3 سے 4 گھنٹے بجلی دستیاب ہے، اس لیے سوراپور اور کرودی کلاں سب اسٹیشنوں پر موجود پانچ پانچ ایم وی اے ٹرانسفارمرز کی گنجائش میں اضافہ کیا جائے۔ مزید مطالبات میں دیہی و شہری فیڈرز کو الگ کرنا، پرانے تاروں کی تبدیلی اور مارکیٹ کے لیے الگ فیڈر شامل تھے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔