
نئی دہلی: دیوالی سے عین قبل مرکزی حکومت کی جانب سے کروڑوں ملازمین کے لیے ایک بڑی راحت کا اعلان کیا گیا ہے۔ ملازمین کی ریٹائرمنٹ سے متعلق سب سے بڑے ادارے، ایمپلائز پروویڈنٹ فنڈ آرگنائزیشن (ای پی ایف او) نے ایک اہم فیصلہ کرتے ہوئے اپنے اراکین کو پی ایف کھاتے سے مکمل رقم نکالنے کی اجازت دے دی ہے۔ اب ملازمین اپنے کھاتے میں موجود پوری رقم، یعنی ملازم اور آجر دونوں کے حصے کی جمع شدہ رقم، نکال سکیں گے۔
یہ فیصلہ مرکزی ٹرسٹی بورڈ (سی بی ٹی) کی 238ویں میٹنگ میں کیا گیا جو پیر کے روز نئی دہلی میں منعقد ہوئی۔ اجلاس کی صدارت مرکزی وزیر محنت و روزگار منسکھ مانڈویہ نے کی۔ اجلاس میں کئی اہم فیصلوں کو منظوری دی گئی جن میں سب سے نمایاں فیصلہ پی ایف رقم کی مکمل نکاسی سے متعلق تھا۔ اس قدم سے ملک بھر کے سات کروڑ سے زیادہ ای پی ایف اراکین کو فائدہ پہنچنے کی توقع ہے۔






