ایٹمی بلیک میلنگ کا بھارتی بیانیہ گمراہ کن اور خود ساختہ ہے، وزارت خارجہ

AhmadJunaidJ&K News urduAugust 11, 2025373 Views



پاکستان نے بھارتی وزارت خارجہ کے غیر سنجیدہ ریمارکس پر سخت ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایٹمی بلیک میلنگ کا بھارتی بیانیہ گمراہ کن اور خود ساختہ ہے۔

وزارت خارجہ کی جانب سےجاری بیان میں کہا گیا ہے کہ بھارت نے آرمی چیف فیلڈ مارشل عاصم منیر کے حالیہ دورۂ امریکا کے دوران دیے گئے بیانات کو ’ توڑ مروڑ’ کر پیش کیا۔

فیلڈ مارشل منیر نے اتوار کو دو ماہ سے بھی کم عرصے میں اپنا دوسرا اہم دورۂ امریکا مکمل کیا تھا، اپنے پچھلے دورے کی طرح اس بار بھی انہوں نے میزبان ملک کی سیاسی اور عسکری قیادت سے ملاقاتیں کی تھیں، فلوریڈا کے شہر ٹامپا میں آرمی چیف نے امریکی سینٹرل کمانڈ (سینٹکام) کی کمان کی تبدیلی کی تقریب میں شرکت کی تھی۔

پاکستان کے اعزازی قونصل عدنان اسعد کی جانب سے منعقدہ عشائیے میں فیلڈ مارشل کی شرکت نے سب سے زیادہ توجہ حاصل کی تھی، اس تقریب میں تقریباً 150 مہمان شریک ہوئے تھے، جن میں وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی، سفیر رضوان شیخ، سفارت خانے کے حکام اور بیرون ملک مقیم پاکستانی کمیونٹی کے نمایاں اراکین شامل تھے۔

اس تقریب میں فیلڈ مارشل عاصم منیر کے دیے گئے بیانات کو بعد میں بھارتی میڈیا نے اٹھایا اور، دفتر خارجہ کے مطابق مسخ کر کے پیش کیا۔

بھارتی میڈیا رپورٹس پر ردعمل دیتے ہوئے بھارتی وزارت امور خارجہ نے کہا کہ’ہم نے پاکستانی آرمی چیف کی طرف سے امریکا کے دورے کے دوران مبینہ طور پر دیے گئے بیانات کا نوٹس لیا ہے، ایٹمی دھمکیاں دینا پاکستان کا پرانا وتیرہ ہے۔’

ترجمان بھارتی وزارت امور خارجہ نے مزید کہا کہ ’ بین الاقوامی برادری ایسے غیرذمے دارانہ بیانات پر اپنے نتائج اخذ کر سکتی ہے، جہاں جوہری کمانڈ اور کنٹرول کی سالمیت کے بارے میں پختہ شکوک و شبہات کو بھی تقویت دیتے ہیں۔’

بھارتی وزارت خارجہ کے بیان پر مختصر مگر سخت ردعمل دیتے ہوئے دفتر خارجہ نے کہا کہ’ پاکستان بھارتی وزارت خارجہ کے آج دیے گئے غیر سنجیدہ ریمارکس کو سختی سے مسترد کرتا ہے، جو حقائق کو توڑ مروڑ کر پیش کرنے اور بیانات کو سیاق و سباق سے ہٹانے کی ان کی دیرینہ عادت کا ایک اور مظاہرہ ہے۔’

انہوں نے کہا کہ بھارت کا مبینہ ’ایٹمی بلیک میلنگ‘ کا بیانیہ گمراہ کن اور مفاد پرستانہ ہے، پاکستان طاقت کے استعمال یا اس کی دھمکی دینے کے سخت خلاف ہے، بھارت کا جنگی جنون میں مبتلا رویہ، جب بھی اسے چیلنج کا سامنا ہوتا ہے، بے بنیاد اور غیر منطقی الزامات کو جنم دیتا ہے۔

دفتر خارجہ نے مزید کہا کہ پاکستان ایک ذمہ دار ایٹمی طاقت ہے، جس کا ’ مکمل شہری کنٹرول کے تحت جامع کمانڈ اینڈ کنٹرول ڈھانچہ’ موجود ہے، اور اس نے ہمیشہ ایسے اہم معاملات میں ’ نظم و ضبط اور تحمل’ کا مظاہرہ کیا ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ نے مزید کہا کہ پاکستان کی مسلسل اور مؤثر انسداد دہشت گردی کی کوششوں کو عالمی سطح پر تسلیم کیا گیا ہے، ہماری سیکیورٹی فورسز دہشت گردی کے خلاف مضبوط قلعہ ہیں، بھارتی وزارت خارجہ کے جھوٹے اور من گھڑت اشارے غیر ذمہ دارانہ ہیں اور ان میں ذرہ برابر بھی ثبوت موجود نہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہم اس بے مقصد اشارے پر بھی تشویش کا اظہار کرتے ہیں جس میں تیسرے ممالک کو شامل کرنے کی کوشش کی گئی ہے تاکہ پاکستان پر دباؤ ڈالا جا سکے، یہ نہ صرف بھارت کے سفارتی اعتماد کی کمی کو ظاہر کرتا ہے بلکہ بلاوجہ دیگر ممالک کو ملوث کرنے کی ناکام کوشش بھی ہے۔

دفتر خارجہ نے کہا کہ ’ بھارت کے جارحانہ اور جنگی جنون پر مبنی رویے کے برعکس’، پاکستان عالمی برادری کے ایک ذمہ دار رکن کی حیثیت سے عمل کرتا رہے گا۔

ترجمان دفتر خارجہ نے خبردار کرتے ہوئے کہا کہ’ تاہم بھارت کی کسی بھی قسم کی جارحیت یا پاکستان کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کی خلاف ورزی کا فوری اور مؤثر جواب دیا جائے گا، کسی بھی ممکنہ کشیدگی کی تمام تر ذمہ داری بھارتی قیادت پر عائد ہو گی۔’



0 Votes: 0 Upvotes, 0 Downvotes (0 Points)

Leave a reply

Loading Next Post...
Search Trending
Popular Now
Loading

Signing-in 3 seconds...

Signing-up 3 seconds...