
پٹنہ: بہار کی راجدھانی پٹنہ میں خواتین کے ایک بڑے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کانگریس کی جنرل سکریٹری اور رکن پارلیمان پرینکا گاندھی نے وزیر اعظم نریندر مودی اور وزیر اعلیٰ نتیش کمار پر سخت حملہ بولا۔ انہوں نے کہا کہ ’’وزیراعظم مودی اور نتیش کمار نے اچانک خواتین کو یاد کرتے ہوئے مکھیہ منتری مہیلا روزگار یوجنا کا اعلان کیا ہے، جو دراصل خواتین کو ووٹ کے لالچ میں لانے کی ایک انتخابی چال ہے۔‘‘
پرینکا گاندھی نے کہا کہ انتخاب سے محض ایک مہینہ پہلے خواتین کے لیے اسکیم کا اعلان اس بات کا ثبوت ہے کہ حکومت صرف ووٹ حاصل کرنے کے لیے خواتین کو رقم دینے کی کوشش کر رہی ہے۔ انہوں نے طنزیہ انداز میں پوچھا، ’’یہ لوگ پچھلے 20 سال سے اقتدار میں ہیں، ان 20 سالوں میں خواتین کے لیے کیا کیا؟ اگر واقعی نیت صاف ہوتی تو یہ سہولت پہلے کیوں نہیں دی گئی؟‘‘






