
ممبئی: ہندوستانی خواتین کرکٹ ٹیم کے ’ورلڈ کپ‘ جیتنے کے بعد ملک کی نوجوان نسل خاص طور پر لڑکیوں میں کھیلوں کے لیے جوش و جذبہ اور کرکٹ کھیلنے کا رجحان نمایاں طور پر پروان چڑھتا ہوا نظر آ رہا ہے۔ اس مثبت تبدیلی کو مدنظر رکھتے ہوئے ممبئی کے معروف تعلیمی ادارے انجمن اسلام نے اپنی کرکٹ کی مستحکم روایت میں ایک نئے باب کا آغاز کیا ہے۔ صدر انجمن اسلام ڈاکٹر ظہیر قاضی کی سرپرستی میں لڑکیوں کو کرکٹ کوچنگ فراہم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
ادارے نے اپنی کرکٹ تربیت کی تاریخ میں پہلی مرتبہ لڑکیوں کے لیے بھی کرکٹ کوچنگ فراہم کرنے کا باقاعدہ آغاز کیا ہے، جسے کھیل میں صنفی برابری اور خاص طور پر مسلم لڑکیوں کو موقع فراہم کرنے کی جانب ایک اہم پیش رفت کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔






