امریکہ اور اسرائیل نے مشترکہ طور پر ایران کے تہران سمیت 30 شہروں پر حملہ کر دیا ہے۔ اس کے پیش نظر ہندوستان نے اسرائیل میں رہ رہے اپنے شہریوں کے لیے ایڈوائزری جاری کر دی ہے۔ ہندوستانی سفارت خانے کی جانب سے جاری ایڈوازئری میں کہا گیا ہے کہ ’’ہندوستانی شہریوں کو مشورہ دیا جاتا ہے کہ وہ اسرائیلی افسران اور ہوم فرنٹ کمانڈ کے ذریعہ جاری گائیڈلائنز اور ہدایات پر سختی سے عمل کریں۔‘‘
ہندوستانی سفارت خانے کی جانب سے جاری کردہ ایڈوائزری میں کہا گیا ہے کہ ’’علاقے میں موجودہ سیکورٹی کی صورتحال کے پیش نظر اسرائیل میں موجود تمام ہندوستانی شہریوں کو مشورہ دیا جاتا ہے کہ وہ انتہائی احتیاط برتیں اور ہر وقت چوکس رہیں۔ تمام ہندوستانی شہریوں کو مقررہ پناہ گاہوں کے قریب رہنا چاہیے اور اپنے رہائشی یا کام کرنے کے علاقے میں قریب ترین محفوظ مقامات کے بارے میں معلومات ہونی چاہیے۔ ہندوستانی شہریوں کو یہ بھی مشورہ دیا جاتا ہے کہ وہ اگلی اطلاع تک اسرائیل کے اندر تمام غیر ضروری سفر سے گریز کریں۔‘‘
ایڈوائزری میں مزید بتایا گیا کہ شہریوں کو مقامی خبروں، سرکاری اعلانات اور ہنگامی الرٹس باقاعدگی سے دیکھتے رہنے کے لیے کہا جاتا ہے۔ کسی بھی ایمرجنسی صورتحال میں، ہندوستانی شہری 24×7 ہیلپ لائن کے ذریعے تل ابیب میں ہندوستانی سفارت خانے سے رابطہ کر سکتے ہیں: ٹیلی فون +972-54-7520711 اور ای میل cons1.telaviv@mea.gov.in یہ ہیں۔ سفارت خانہ متعلقہ حکام کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہے اور ضرورت کے مطابق اپ ڈیٹس جاری کرتا رہے گا۔
واضح رہے کہ اس وقت اسرائیل میں 20 ہزار سے زائد ہندوستانی مقیم ہیں، یہ تمام اسرائیل کے مختلف شہروں میں رہتے ہیں۔ تل ابیب میں ہندوستانی سفارت خانے کی فراہم کردہ معلومات کے مطابق اسرائیل میں مقیم زیادہ تر ہندوستانی شہری بزرگوں کی دیکھ بھال، ہیروں کی تجارت، آئی ٹی کے شعبے اور طالب علموں پر مشتمل ہیں۔ اس کے علاوہ، اسرائیل میں ہندوستانی نژاد کے تقریباً 85,000 یہودی بھی رہتے ہیں۔


































