ایران پر اسرائیل اور امریکہ کے مشترکہ حملے اور مشرق وسطیٰ کی کشیدہ صورتحال پر اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کا ہفتے کو ہنگامی اجلاس طلب کیا گیا ہے۔ یہ اجلاس بحرین، کولمبیا، چین، روس اور فرانس کی اپیل پر بلایا گیا ہے۔ وہیں مشرق وسطیٰ کی بگڑتی صورتحال پر عالمی طاقتیں آمنے سامنے ہیں۔ اس دوران اقوام متحدہ سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس نے نہایت سخت اور واضح الفاظ میں خبردار کیا کہ دنیا ایک سنگین بحران کے دہانے پر کھڑی ہے۔
اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ کا چارٹر تمام رکن ممالک کی خودمختاری اور سلامتی کی ضمانت دیتا ہے، اور کسی بھی ملک کے خلاف طاقت کا استعمال عالمی قانون کی کھلی خلاف ورزی ہے۔ انتونیو گوتریس نے ایران پر امریکی اور اسرائیلی کارروائیوں کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ان حملوں نے عالمی امن کو شدید خطرے میں ڈال دیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اطلاعات کے مطابق ایران کے کم از کم 20 شہری حملوں کا نشانہ بنے جو تشویشناک اور ناقابل قبول ہے۔
انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ عالمی قانون کی پاسداری ہر صورت یقینی بنائی جانی چاہیے۔ امن صرف اور صرف مذاکرات اور سفارت کاری سے ہی حاصل کیا جا سکتا ہے، جنگ کسی مسئلے کا حل نہیں۔ اس دوران اسرائیلی حکام کی جانب سے ایرانی سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای کی شہادت سے متعلق گردش کرنے والی خبروں کا بھی ذکر کیا گیا۔ اس حوالے سے گوتریس نے محتاط مؤقف اپناتے ہوئے کہا کہ آیت اللہ خامنہ ای کے بارے میں اس وقت کسی حتمی نتیجے پر نہیں پہنچا جا سکتا۔
وہیں اقوام متحدہ میں فرانس کے مندوب نے ایران پر ہونے والے حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ خطے کو امن کی ضرورت ہے اور سیکیورٹی کونسل کو مذاکرات کے راستے کو ہموار کرنے کی کوشش کرنی چاہیے۔ انہوں نے عالمی قوانین کی پاسداری پر زور دیتے ہوئے کہا کہ دنیا کو یاد رکھنا چاہیے کہ طاقت کا استعمال عالمی قوانین کی خلاف ورزی ہے۔ بحرین کے مندوب نے اپنی تقریر میں ایران کے اقدامات کو ایک سنگین دھچکہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ ہم ان حملوں کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہیں، خاص طور پر بحرین کی شہری آبادی پر گرنے والے میزائل حملوں کو۔
بحرین کی خودمختاری پر یہ حملہ ناقابل برداشت ہے اور ہم نے کویت، یواےای اور اردن پر بھی حملوں کی اطلاعات موصول کی ہیں۔ چین کے مندوب نے ایران پرحملے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ امریکی حملہ خطے کو جنگ کے دہانے پر لے گیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ امریکہ اور ایران مذاکرات کی میز پر آئیں۔ اس دوران ایران یواین سیکورٹی کونسل اور سیکریٹری جنرل کو ایک خط بھیجا ہے جس میں اقوام متحدہ سے ’عالمی امن کی ذمہ داری‘ لینے کی اپیل کی گئی ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔



































