ایئرٹیل کا سِم استعمال کرنے والوں کو اِس وقت شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ ایسا محسوس ہو رہا ہے جیسے ایئرٹیل کی خدمات ٹھپ پڑ گئی ہیں۔ ایئرٹیل صارفین گزشتہ کچھ گھنٹے سے موبائل نیٹورک اور انٹرنیٹ کو لے کر مسائل کا سامنا کر رہے ہیں۔ ایئرٹیل نے خود بھی اس سلسلے میں جانکاری سوشل میڈیا پر دی ہے۔ کمپنی کا کہنا ہے کہ وہ جلد از جلد اسے ٹھیک کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔
ایئرٹیل صارفین کالنگ اور انٹرنیٹ سروس میں پیش آ رہی دقتوں سے متعلق مستقل سوشل میڈیا پر تبصرہ کر رہے ہیں۔ ایک طرح سے سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر شکایتوں کا انبار لگ گیا ہے۔ خاص طور سے دہلی-این سی آر کے علاقوں سے زیادہ شکایتیں موصول ہو رہی ہیں۔ حالانکہ ملک کے کئی حصوں میں لوگوں کو وائس کال اور دیگر خدمات میں دقتیں پیش آ رہی ہیں۔ ڈاؤن ڈٹیکٹر کے مطابق ہندوستان کے بہت سے علاقوں میں اس وقت ایئرٹیل کے صارفین سنگلز سے متعلق اپنی شکایت درج کرا رہے ہیں۔
ڈاؤن ڈٹیکٹر کے مطابق دہلی-این سی آر، جئے پور، کانپور، احمد آباد، سورت، ممبئی، حیدر آباد، بنگلورو اور کولکاتا میں ایئرٹیل کے صارفین کو اس وقت نیٹورک اور انٹرنیٹ کے مسائل درپیش ہیں۔ پیر کے روز شام 4.30 بجے تک سروس رخنہ انداز ہونے کی 3500 سے زیادہ رپورٹ درج کی گئیں۔ ان میں سے 68 فیصد صارفین نے فون کال سے متعلق شکایتیں کی ہیں۔ 16 فیصد نے موبائل انٹرنیٹ سے متعلق شکایتیں اور 15 فیصد نے سگنل نہ ملنے کی شکایت کی۔ کئی صارفین نے تو 5جی پلان ہونے کے باوجود 4جی نیٹورک پر ڈاٹا کٹوتی سے متعلق بھی شکایت کی ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔