واشنگٹن: امریکہ کے صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے ملک میں پوسٹل بیلٹ کے نظام کو کڑی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ وہ جلد ہی اس نظام کو ختم کرنے کے لیے صدارتی حکم نامہ جاری کرنے والے ہیں۔ صدر ٹرمپ نے یہ بیان امریکہ میں اگلے برس ہونے والے وسط مدتی انتخابات (مڈ ٹرم الیکشن) سے تقریباً ایک سال قبل دیا ہے۔ وسط مدتی انتخابات 3 نومبر 2026 کو ہونے ہیں اور اس سے پہلے صدر ٹرمپ کی یہ سخت پالیسی انتخابی ماحول میں نئی گرمی پیدا کر رہی ہے۔
ٹرمپ نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پوسٹل بیلٹ کا نظام اب ناقابل قبول ہے اور اس کے خاتمے کا وقت آ گیا ہے۔ ان کے مطابق میل اِن بیلٹ کے ذریعے بڑے پیمانے پر دھوکہ دہی کے امکانات بڑھ جاتے ہیں، اسی وجہ سے کئی ممالک اس نظام کو ترک کر چکے ہیں۔ ٹرمپ نے کہا کہ شاید امریکہ ہی وہ واحد ملک ہے جہاں اب تک پوسٹل بیلٹ کا طریقہ کار جاری ہے۔