
آئی اے این ایس سے گفتگو کرتے ہوئے سنجے راؤت نے کہا کہ مغربی ایشیا کی صورت حال انتہائی تشویشناک ہے اور اس پر کسی کا کنٹرول باقی نہیں رہا۔ انہوں نے کہا کہ جن طاقتوں نے اس تنازعہ کو جنم دیا، اب وہ خود بھی اس پر قابو نہیں رکھ پا رہیں۔ ان کے مطابق ہندوستان اس پورے معاملے میں غیر فعال دکھائی دے رہا ہے اور اس کا کردار تقریباً صفر ہو چکا ہے۔
سنجے راؤت نے مزید کہا کہ اگر ڈونالڈ ٹرمپ کو سفارتی حکمت عملی کی بہتر سمجھ ہوتی تو یہ جنگ اس نہج تک نہ پہنچتی۔ ان کا کہنا تھا کہ امریکہ واضح طور پر جنگ ہار رہا ہے اور اسی وجہ سے وہاں کی قیادت جلدبازی میں فیصلے لے رہی ہے، جو حالات کو مزید پیچیدہ بنا رہے ہیں۔






